کامیاب ترین بالی وڈ فلموں میں سے ایک ’دھرندر‘ کے بارے میں یہ انکشاف کافی دلچسپ ہے کہ ابتدا میں کئی سٹوڈیوز نے یہ کہانی لینے سے انکار کر دیا تھا۔
امتیاز علی کے بقول جب ہدایت کار آدتیہ دھر مختلف سٹوڈیوز کو ’دھرندر‘ کا منصوبہ پچ کر رہے تھے تو انہیں مسلسل ٹھکرایا جا رہا تھا کہ عملی طور پر یہ فلم بنانا انتہائی مشکل ہے۔ ایک اعتراض یہ بھی تھا کہ فلم پیسہ نہیں کما سکے گی۔
بعد میں یہ فلم انڈیا میں 800 کروڑ نیٹ کلیکشن کا سنگِ میل عبور کرنے والی پہلی بالی وڈ فلم بنی۔ ’دھرندر‘ پہلی ایسی فلم نہیں بلکہ کئی کامیاب ترین بالی وڈ فلموں کے پیچھے ایسی ہی دلچسپ کہانیاں ہیں۔ تصور کیجیے اگر ’زنجیر‘ کی پیشکش دھرمندر، دلیپ کمار یا دیو آنند قبول کر لیتے تو؟ مگر ان سب نے اسے مسترد کر دیا۔ دیو آنند کا اعتراض دلچسپ تھا کہ سکرپٹ میں گانے ہی نہیں ہیں، میں ایسی فلم نہیں کرتا جس میں سکرین پر گیت نہ گا سکوں۔
بعض اوقات پروڈکشن ہاؤس کہانی پسند نہیں کرتا، کبھی مشہور اداکار دھوکہ کھا جاتے ہیں اور کبھی شوٹنگ کے دن ایسی کہانیاں مسترد کرنے پر مجبور کرتے ہیں۔ ایسی پانچ دلچسپ فلموں کا تذکرہ کرتے ہیں جنہیں اداکاروں نے مسترد کیا، بعد میں کسی اور نے مرکزی کردار ادا کیا اور فلم غیر معمولی ثابت ہوئی۔
1۔ بازیگر: منفی کردار جس نے شاہ رخ خان کو نئی پہچان دی
1993 میں ریلیز ہونے والی ’بازیگر‘ شاہ رخ خان کے کیریئر کا اہم موڑ ثابت ہوئی۔ اس فلم میں انہوں نے اجے شرما کا کردار ادا کیا، جو اپنے خاندان کے ساتھ ہونے والی ناانصافی کا بدلہ لینے کے لیے قتل جیسے سنگین جرائم کرتا ہے۔ وہ بظاہر ایک رومانوی نوجوان ہے، لیکن اس کے ارادے اور اقدامات اسے روایتی ہیرو سے بالکل مختلف بنا دیتے ہیں۔
ہدایت کار عباس مستان نے ایک انٹرویو میں بتایا تھا کہ وہ ابتدا میں یہ کردار انیل کپور کو دینا چاہتے تھے جنہوں نے کہانی سنی لیکن اسے اپنے لیے خطرناک سمجھتے ہوئے انکار کر دیا۔ اس کے بعد سلمان خان سے رابطہ کیا گیا، مگر ان کے والد سلیم خان کو لگا کہ اس وقت سلمان کے لیے منفی کردار ادا کرنا مناسب نہیں ہوگا۔
بالآخر یہ کردار شاہ رخ خان تک پہنچا۔ انہوں نے کہانی سنی اور فوراً کام کرنے پر رضامندی ظاہر کر دی۔ ان کی ایک شرط یہ تھی کہ فلم میں کردار کو آخر میں اچھا انسان ثابت کرنے کی کوشش نہ کی جائے۔ کیسا ماسٹر سٹروک تھا، جس کی شاہ رخ سے توقع نہیں کی جا سکتی۔
’بازیگر‘ نے شاہ رخ خان کو ایک ایسے اداکار کے طور پر متعارف کرایا جو ناظرین کو اپنی طرف متوجہ کرنے کے لیے روایتی ہیرو نہیں بنتا۔ بعد میں یہ فلم نہ صرف سال کی چوتھی کامیاب ترین باکس آفس ہٹ ثابت ہوئی بلکہ آج بھی شاہ رخ کی بہترین اور منفرد فلموں میں شمار ہوتی ہے۔
2۔ منا بھائی ایم بی بی ایس: شکر ہے یہ فلم شاہ رخ خان نے نہیں کی
راج کمار ہیرانی کی 2003 میں ریلیز ہونے والی فلم ’منا بھائی ایم بی بی ایس‘ نے بھارتی سینیما میں مزاح اور جذبات کا ایک منفرد امتزاج پیش کیا۔ اس فلم نے شائقین کو ایک پوری نئی لغت دی جو آج بھی استعمال ہوتی ہے۔
سنجے دت نے منا بھائی اور ارشد وارثی نے سرکٹ کا کردار ادا کیا۔ دونوں کی جوڑی اس قدر مقبول ہوئی کہ ان کرداروں پر ایک اور فلم ’لگے رہو منا بھائی‘ بھی بنائی گئی۔ منا بھائی کا کردار ابتدا میں سنجے دت کی بجائے شاہ رخ خان کو پیش کیا گیا تھا۔ حیرت ہوتی ہے شاہ رخ کو یہ کردار آفر ہی کیوں کیا گیا؟ وہ کسی طرح بھی ویسا امپکٹ نہ ڈال سکتے جو سنجو بابا نے ڈالا۔
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
شاہ رخ خان نے اس فلم میں کام کرنے میں دلچسپی بھی ظاہر کی، لیکن کمر اور ریڑھ کی ہڈی کا مسئلہ تھا، ایک آپریشن کے بعد تندرست ہونے تک انتظار کا بولتے ہوئے کنگ خان نے ہیرانی سے کہا آپ کسی اور کو کیوں نہیں دیکھ لیتے، میں پتہ نہیں کب ٹھیک ہوں گا۔ دراصل یہ کان کو الٹی طرف سے پکڑنے کی کوشش تھی۔ وہ گھما پھرا کر یہ کہہ رہے تھے کہ کسی اور کو کاسٹ کر لو۔
فلم میں سنجے دت نے ایک ایسے شخص کا کردار ادا کیا جو ڈاکٹر بننے کا خواب دیکھتا ہے، لیکن اس کا طریقہ روایتی طبی تعلیم سے بالکل مختلف ہے۔ وہ مریضوں کے ساتھ دواؤں سے زیادہ محبت، ہمدردی اور انسانی رویے کے ذریعے پیش آتا ہے۔ شاہ رخ خان کے لیے یہ فلم رہ گئی، لیکن سنجے دت کے لیے منا بھائی کا کردار ایک ایسی شناخت بن گیا جو آج بھی ان کی پہنچان ہے۔ ان کی پرفارمنس دیکھتے ہوئے آپ سوچتے ہیں شکر ہے شاہ رخ نے یہ رول قبول نہیں کیا۔
3۔ تھری ایڈیٹس: شاہ رخ خان کی علیحدگی اور عامر خان کی انٹری
2009 میں ریلیز ہونے والی راج کمار ہیرانی کی فلم ’تھری ایڈیٹس‘ نے بھارتی سینیما میں کامیابی کے کئی ریکارڈ قائم کیے۔ عامر خان، آر مادھون اور شرمن جوشی کی اداکاری سے سجی اس فلم میں عامر خان نے رانچو نامی طالب علم کا کردار ادا کیا، جو رٹے لگانے اور نمبروں کے پیچھے بھاگنے کے بجائے سمجھ کر سیکھنے اور اپنی دلچسپی کے مطابق زندگی گزارنے پر یقین رکھتا ہے۔
فلم نے نہ صرف باکس آفس پر غیر معمولی کامیابی حاصل کی بلکہ تعلیم کے نظام، والدین کی توقعات اور نوجوانوں پر کامیابی کے دباؤ جیسے موضوعات کو بھی دلچسپ انداز میں اٹھایا۔ اس کے کئی مکالمے اور مناظر آج بھی لوگوں کو یاد ہیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ رانچو کا کردار ابتدا میں شاہ رخ خان کے لیے لکھا گیا تھا، یہاں تک کہ وہ فلم باقاعدہ سائن کر چکے تھے۔ تاہم شوٹنگ میں تاخیر اور دوسری فلموں کی مصروفیات کے سبب انہوں نے راج کمار ہیرانی سے معذرت کر لی۔ یوں اس کردار میں عامر خان کی انٹری ہوئی۔
عامر خان نے رانچو کے کردار کو اس انداز میں ادا کیا کہ وہ ان کی فلمی شناخت کا اہم حصہ بن گیا۔ فلم میں ان کی عمر کردار کے طالب علم ہونے کی عمر سے کہیں زیادہ تھی، لیکن ان کی اداکاری نے اس فرق کو ناظرین کے لیے غیر اہم بنا دیا۔
’تھری ایڈیٹس‘ نے دنیا بھر میں زبردست کاروبار کیا اور اس وقت انڈین فلموں کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلموں میں شامل ہو گئی۔ یوں شاہ رخ خان کے ہاتھ سے نکلنے والا یہ منصوبہ عامر خان کے کیریئر کی سب سے یادگار فلموں میں سے ایک ثابت ہوا۔
4۔ چک دے انڈیا: سلمان خان، کم معاوضہ اور شاہ رخ بطور ہاکی کوچ
2007 میں ریلیز ہونے والی ’چک دے انڈیا‘ شاہ رخ خان کی ان فلموں میں شامل ہے جنہیں ان کے مداح آج بھی بے تحاشہ پسند کرتے ہیں۔ اس میں انہوں نے کبیر خان نامی سابق ہاکی کھلاڑی اور خواتین کی قومی ٹیم کے کوچ کا کردار ادا کیا۔
کبیر خان پر پاکستان کے خلاف ایک اہم میچ میں شکست کا الزام لگتا ہے۔ کئی سال بعد وہ خواتین کی ہاکی ٹیم کی کوچنگ سنبھالتے ہیں اور مختلف پس منظر سے تعلق رکھنے والی کھلاڑیوں کو ایک ٹیم میں تبدیل کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ یہ فلم صرف کھیل کی کہانی نہیں تھی بلکہ خواتین کے اعتماد، علاقائی تعصب، ٹیم ورک اور معاشرتی رویوں پر بھی بات کرتی تھی۔
اس کردار کے لیے ابتدا میں سلمان خان سے رابطہ کیا گیا، لیکن بھائی صاحب نے معاوضہ ہی اتنا مانگا کہ پروڈیوسر بھاگ گیا۔ سلو بھائی کسی طرح کم معاوضے پر راضی نہ تھے جبکہ بجٹ کم تھا، سو انہوں نے انکار کر دیا۔ جب شاہ رخ کو یہ فلم ملی تو انہوں نے کہا یہ غیر روایتی کردار ادا کرتے ہوئے وہ انجوائے کریں گے اور معاوضہ طے کیے بغیر انہوں نے فلم سائن کر لی۔
شاہ رخ خان نے اس فلم میں ایک ایسے شخص کا کردار ادا کیا جس کی اپنی زندگی میں ناکامی اور تنہائی ہے، لیکن وہ دوسری خواتین کو کامیابی کا راستہ دکھاتا ہے۔ یہ کردار ان کے روایتی رومانوی ہیرو سے بالکل مختلف تھا۔
بعد میں ناصرف فلم نے باکس آفس پر غیر معمولی کامیابی حاصل کی بلکہ وطنی پرستی کے جذبات کے سبب اس کی الگ سے فالونگ بنی۔ اس کے کئی مکالمے اور گیت آج بھی مقبول ہیں۔
5۔ رنگ دے بسنتی: شاہد کپور کو آج بھی فلم نہ کرنے کا افسوس ہے
2006 میں ریلیز ہونے والی ’رنگ دے بسنتی‘ نے نوجوانوں میں سیاسی اور سماجی شعور کے موضوع کو ایک نئی فلمی زبان دی۔ اس میں عامر خان سمیت نوجوانوں کا ایک گروہ آزادی کے متوالوں کے کردار ادا کرتا ہے۔ ابتدا میں یہ نوجوان سیاست اور ملک کے مسائل سے لاتعلق ہوتے ہیں، لیکن ایک واقعہ ان کی سوچ بدل دیتا ہے۔
فلم کے کرداروں کے لیے کئی بڑے اداکار زیرِ غور آئے تھے۔ ہدایت کار راکیش اوم پرکاش مہرا کی خواہش تھی کہ اس میں عامر خان، شاہ رخ خان اور ہریتھک روشن جیسے اداکار شامل ہوں۔ تاہم فلم کی حتمی کاسٹنگ مختلف رہی۔
شاہد کپور کو بھی فلم میں ایک کردار کی پیشکش ہوئی تھی، لیکن تاریخوں اور مصروفیات کے باعث وہ اس کا حصہ نہ بن سکے۔ بعد میں انہوں نے ایک گفتگو میں اعتراف کیا کہ انہیں فلم میں کام نہ کرنے کا افسوس ہے۔ فلم میں سدھارتھ نے کرن کا کردار ادا کیا۔
’رنگ دے بسنتی‘ کی اہمیت صرف اس کی تجارتی کامیابی نہیں بلکہ اس کا سماجی اثر بھی ہے۔ اس نے نوجوانوں کو یہ سوچنے پر مجبور کیا کہ ملک کے حالات پر تنقید کرنا کافی نہیں، شہری ذمہ داری بھی اہم ہے۔ فلم کو آسکر کے لیے انڈیا کی سرکاری نامزدگی کی فہرست میں بھی شامل کیا گیا تھا اور اس نے قومی و بین الاقوامی سطح پر پذیرائی حاصل کی۔
فلم ہو یا زندگی کے دیگر فیصلے قسمت بڑا کردار ادا ضرور کرتی ہے۔

