چین کی وزارت تجارت نے اتوار کو واشنگٹن کے اس حالیہ اقدام کی مذمت کی ہے جس کے تحت چینی ٹیلی کام کمپنیوں کی امریکی فون نمبرز تک براہ راست رسائی ختم کی جا رہی ہے۔
بیجنگ نے اس فیصلے کو ’بدنیتی پر مبنی‘ قرار دیا ہے۔
امریکی فیڈرل کمیونیکیشنز کمیشن (ایف سی سی) نے جمعرات کو ووٹنگ کے ذریعے اس حکم کی منظوری دی تھی، جس کا مقصد ان ’شرپسند عناصر‘ کی امریکی فون نمبرز تک رسائی محدود کرنا ہے جنہیں غیر قانونی خودکار فون کالز کی مہمات کا ذمہ دار قرار دیا گیا ہے۔
انڈپینڈنٹ اردو کا واٹس ایپ گروپ یہاں جوائن کریں
اس فیصلے سے متاثر ہونے والے اداروں میں چین کی تین بڑی ٹیلی کام کمپنیاں، سرکاری ملکیت کی چائنا یونی کام، چائنا ٹیلی کام اور چائنا موبائل شامل ہیں۔
چین کی وزارت تجارت نے آن لائن جاری بیان میں کہا ’کسی ٹھوس حقائق کے بغیر ایف سی سی نے عدم امتیاز اور منصفانہ مسابقت کے اصولوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے چینی ٹیلی کمیونیکیشن کمپنیوں کو من مانے انداز میں بدنام کیا اور بدنیتی سے ان کے خلاف کارروائی کی ہے۔‘
بیان میں کہا گیا کہ ٹیلی کمیونیکیشن کے شعبے میں تعلقات منقطع کرنے کے لیے ایف سی سی کے حالیہ اقدامات ’دونوں ممالک کے سربراہان کے درمیان طے پانے والے اہم اتفاق رائے کے منافی ہیں۔‘
وزارت کے مطابق یہ اقدامات ’چین اور امریکہ کے اقتصادی اور تجارتی تعلقات کے استحکام کو نقصان پہنچاتے ہیں۔‘
اس نے واشنگٹن پر زور دیا کہ وہ یہ اقدامات ’واپس لے‘ اور خبردار کیا کہ چین بھی اپنے ’ضروری اقدامات‘ کر سکتا ہے۔
بیجنگ کی جانب سے یہ تنقید ایسے وقت میں سامنے آئی جب صدر شی جن پنگ نے رواں ہفتے چین کے شہر شین ژین میں ایک علاقائی سربراہی اجلاس کے موقعے پر اپنے امریکی ہم منصب ڈونلڈ ٹرمپ کی میزبانی کی تھی۔
اس موقعے پر چینی صدر نے واشنگٹن کے ساتھ تعلقات کو ’مستحکم اور بہتر‘ قرار دیا تھا۔
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
ایف سی سی کے حکم میں کہا گیا ہے کہ امریکہ کے اندر اور بیرون ملک کال کرنے والے اداروں کی تعداد میں اضافے نے ملک کے مواصلاتی نیٹ ورکس کو غیر قانونی خودکار فون کالز سے محفوظ بنانے کی کوششوں میں ’نئے چیلنجز‘ پیدا کر دیے ہیں۔
امریکی ریگولیٹر نے اس سے قبل چینی ٹیکنالوجی کمپنی ہواوے اور کئی دیگر چینی اداروں کے تیار کردہ ٹیلی کام آلات کو قومی سلامتی کے خدشات کے پیش نظر بلیک لسٹ کیا تھا۔
اکتوبر میں ایف سی سی نے دسمبر 2028 سے امریکہ بھیجے جانے والے الیکٹرانک آلات کی جانچ کے لیے چینی لیبارٹریوں پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
کمیشن نے خبردار کیا تھا کہ اس طرح کے طریقہ کار سے امریکی مواصلاتی نیٹ ورکس تک رسائی کا ایک ’اہم راستہ‘ کھل جاتا ہے۔
ایجنسی کے مطابق اس نے ’غیر معیاری لیبارٹریوں‘ کے خلاف تحقیقات کا آغاز اس وقت کیا جب 2024 میں معلوم ہوا کہ ہواوے ایف سی سی سے منظور شدہ ایک ٹیسٹنگ لیبارٹری چلا رہی تھی۔

