جس دن جواب دیا، تنقید کرنے والے وزیر منہ چھپاتے پھریں گے، محسن نقوی
ایک وزیر ان دنوں روزانہ ٹی وی پر آکر ان پر تنقید کر رہے ہیں، وفاقی وزیر داخلہ
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایک وزیر کی جانب سے مسلسل تنقید پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ڈھائی سال سے ان کے تبصرے خاموشی سے برداشت کر رہے ہیں، لیکن جس دن جواب دیا تو وہ منہ چھپاتے پھریں گے۔
نجی نیوز چینل سے غیر رسمی گفتگو میں محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ایک وزیر ان دنوں روزانہ ٹی وی پر آکر ان پر تنقید کر رہے ہیں، شاید انہیں ٹی وی پر آنے کا شوق ہے، تاہم وہ اب تک صبر سے ان کی باتیں سنتے رہے ہیں۔
وزیر داخلہ نے کاروباری شخصیات پر ہونے والی تنقید کو بھی نامناسب قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ لوگ پاکستان کے معزز شہری ہیں اور وفاق سمیت مختلف شہروں کے چیمبرز آف کامرس کے صدور اور عہدیدار رہ چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جن کاروباری افراد کو تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، وہ ملک میں سب سے زیادہ ٹیکس دینے والوں میں شامل ہیں۔ اگر یہ کاروباری شخصیات اتنی ہی بری ہیں تو ہر انتخاب کے موقع پر پارٹی فنڈز کے نام پر انہی سے اربوں روپے کیوں وصول کیے جاتے ہیں؟

