ایران کی عالمی برادری سے امریکی فضائی حملوں میں ہلاک اسکولی بچوں کو یاد رکھنے کی اپیل

تہران: اقوام متحدہ میں ایران کے مشن نے جمعہ کو عالمی یوم اطفال کے موقع پر عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ 28 فروری کو ایرانی اسکول پر امریکی فضائی حملوں میں ہلاک ہونے والے بچوں کو یاد رکھے اور زندہ بچ جانے والوں کے دکھوں پر توجہ دے۔

امریکی سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں مشن نے کہا کہ شہر میناب کے اسکول پر دو امریکی فضائی حملوں میں 168 بچے اور اساتذہ ہلاک ہوئے۔ بیان میں کہا گیا: "آئیے میناب کے معصوم بچوں کے دکھوں کو آواز دیں اور ان کی یاد کو دوام بخشیں۔”

ایران نے تقریباً 300 ایسے طلبہ کی حالتِ زار بھی اجاگر کی جو حملوں میں زندہ بچ گئے مگر شدید نفسیاتی صدمے کا شکار ہیں اور انہیں طویل مدتی دیکھ بھال، علاج اور معاونت کی ضرورت ہے۔ مشن کے مطابق ایرانی عوام میناب کے بچوں کے سانحے کو کبھی نہیں بھولیں گے۔

واضح رہے کہ اقوام متحدہ کی حمایت یافتہ فیکٹ فائنڈنگ مشن نے حال ہی میں کہا ہے کہ یہ یقین کرنے کی معقول بنیادیں موجود ہیں کہ امریکہ نے ایران میں دو ٹوماہاک حملوں کے ذریعے جنگی جرائم کا ارتکاب کیا، جن میں میناب کے اسکول پر حملہ بھی شامل ہے۔ امریکی وزیرِ دفاع پیٹ ہیگسیتھ نے پہلے کہا تھا کہ پینٹاگون واقعے کی تحقیقات کر رہا ہے، تاہم جوابدہی یا وقت کے تعین سے متعلق تفصیلات فراہم نہیں کیں۔

رپورٹس کے مطابق جاں بحق بچوں کی عمریں 7 سے 12 سال کے درمیان تھیں۔ یہ حملے 28 فروری کو ہوئے، جو ایران کے خلاف امریکی جنگ کا پہلا دن تھا، اور یہ جنگ تاحال جاری ہے۔

متعلقہ پوسٹ