امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ ایسا مستقل معاہدہ کرنا چاہتے ہیں جسے مستقبل میں آنے والا کوئی امریکی صدر تبدیل نہ کرسکے۔
امریکی ٹی وی چینل فاکس نیوز کو ٹیلی فونک انٹرویو دیتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ایران کے ساتھ ماضی میں ہونے والے معاہدوں کی خلاف ورزیوں کے باعث اب امریکا کسی عارضی سمجھوتے کے بجائے دیرپا معاہدہ چاہتا ہے۔
ٹرمپ نے کہا کہ ایران کے ساتھ معاہدہ کرنے کے بعد اگلے ہی روز اس کی خلاف ورزی کردی جاتی ہے اس لیے وہ ایسا معاہدہ چاہتے ہیں جو طویل عرصے تک برقرار رہے اور مستقبل میں امریکی قیادت کی تبدیلی سے متاثر نہ ہو۔
امریکی صدر کا کہنا تھا کہ وہ نہیں چاہتے کہ چار، 15 یا 20 سال بعد آنے والا کوئی نااہل صدر ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت دے سکے۔ ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
ٹرمپ نے ایران میں رجیم چینج کے حوالے سے بھی گفتگو کی اور کہا کہ ان کی انتظامیہ ایرانی قیادت کے مختلف گروپس سے نمٹ چکی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم ایرانی قیادت کے تیسرے گروپ سے مذاکرات کر رہے ہیں، اسے آپ حتمی رجیم چینج بھی کہہ سکتے ہیں۔
انہوں نے موجودہ ایرانی قیادت کو ممکنہ طور پر پہلے کے مقابلے میں زیادہ معقول قرار دیا، تاہم کہا کہ مذاکرات کرنا اب بھی مشکل ہے۔
دوسری جانب ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ تہران اور واشنگٹن کے درمیان ثالثوں کے ذریعے پیغامات کا تبادلہ جاری ہے۔ ایران ایسا معاہدہ چاہتا ہے جو مستقبل میں دوبارہ جنگ چھڑنے کے امکانات ختم کرسکے۔
عراقچی کے مطابق ایران مذاکرات کے لیے تیار ہے، تاہم امریکا کو یہ ضمانت دینا ہوگی کہ وہ سنجیدگی سے سفارتی عمل آگے بڑھانا چاہتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایران کسی ایسے معاہدے کو قبول نہیں کرے گا جو اس کے قومی مفادات اور خودمختاری کو نقصان پہنچائے۔
ایرانی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ تہران کے لیے انتہائی افزودہ یورینیم کو ملک میں برقرار رکھنا ایک اہم معاملہ ہے تاہم منصفانہ حل کے لیے مذاکرات کی گنجائش موجود ہے۔
ادھر امریکی صدر کے خصوصی نمائندوں اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر نے برلن میں قطری حکام سے ملاقات کرکے امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات اور ثالثی کی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا ہے۔
واضح رہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی کے باعث آبنائے ہرمز میں بھی صورتحال حساس ہے، جہاں دو آئل ٹینکروں میں آگ لگنے کے واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔ خطے میں سفارتی کوششیں جاری ہیں تاہم دونوں ممالک کے درمیان مستقل معاہدے کے امکانات اور شرائط تاحال واضح نہیں ہیں۔

