
(24نیوز) افغانستان میں طالبان ریجیم کی غلط پالیسیوں اور نا اہلی کے باعث افغانستان میں خوراک کا بحران سنگین ہوگیا ہے، ایک کروڑ 59 لاکھ افراد شدید غذائی عدم تحفظ کا شکار ہیں جب کہ 2027 میں 40 لاکھ سے زائد بچوں کو غذائی قلت کا خطرہ ہے۔
افغان خبر ایجنسی نےاقوام متحدہ کے ذمہ دار اداروں کے حوالے سے بتایا ہےکہ افغانستان میں خوراک کی قلت اور غذائیت کا بحران مسلسل شدت اختیار کر رہا ہے۔
یونیسیف کے مطابق ستمبر اور اکتوبر 2026 کے دوران افغانستان کی تقریباً 32 فیصد آبادی کو خوراک کی شدید کمی کا سامنا رہا۔ اگست سے اکتوبر کے عرصے کے دوران بچوں میں غذائی قلت کے باعث جسمانی کمزوری اور وزن میں غیر معمولی کمی کی شرح ریکارڈ کی گئی، جو اس مخصوص مدت کے لیے اب تک کی بلند ترین سطح ہے۔
یونیسیف نے خدشہ ظاہرکیا ہےکہ سردیوں کے موسم کے دوران یہ بحران مزید سنگین ہو جائےگا۔
یہ بھی پڑھیئے: ہوائی فائرنگ سے روکنے پرجھگڑے میں تین افراد جاں بحق ، دو زخمی
یونیسیف کے اندازوں کے مطابق جنوری سے دسمبر 2027 کے دوران 6 ماہ سے 59 ماہ تک کی عمر کے تقریباً 40 لاکھ 40 ہزار بچوں کو غذائی قلت کے باعث علاج کی ضرورت ہوگی۔
طالبان ریجیم کے افغانستان پر قبضہ کے بعد غیر ملکی امداد میں نمایاں کمی ہوئی۔ غیر ملکی امداد میں کمی کے بعد انسانی بحران مزید سنگین ہو گیا ہے۔ افغانستان میں خواتین اور بچوں کو علاج معالجہ اور طبی سہولتوں کے حصول میں الگ سے مشکلات کا سامنا ہے۔ اب انہیں کھانے کے لئے مناسب غذا بھی نہیں مل رہی۔ سب سے زیادہ خواتین اور بچیاں ہی خوراک اور غذائیت کی کمی کی وکٹم ہیں۔
افغان نیوز ایجنسی کے مطابق بڑی تعداد میں مہاجرین کی واپسی سے بھی افغانستان کے محدود وسائل پر دباؤ بڑھ گیا ہے۔ افغانستان میں طبی مراکز کی بندش اور ادویات کی کمی سے صورتحال مزید خراب ہو رہی ہے۔ خواتین کے علاج کے لئے لیڈیز میڈیکل سٹاف کی کمی افغانستان کے لیے بڑا چیلنج بن رہی ہے۔ کیونکہ افغان طالبان کی ریجیم خواتین کو کسی مرد ڈاکٹر سے علاج کروانے پر سخت سزائیں دیتے ہیں۔
عالمی ادارہ خوراک کے مطابق 2026 میں بارشوں کی بہتر صورت حال اور زرعی پیداوار میں اضافےکے باوجود بہت سے خاندان اب بھی مناسب اور غذائیت سے بھرپور خوراک خریدنےکی استطاعت نہیں رکھتے۔ انسانی امداد کے لیے مالی وسائل میں مسلسل کمی کے باعث بڑھتی ہوئی ضروریات پوری کرنا دن بہ دن مشکل ہوتا جا رہا ہے۔

