پاکستانی ڈرامہ ’’درِ نجات‘‘ کی مقبولیت سرحد پار بھی ناظرین کو اپنی جانب متوجہ کر رہی ہے، لیکن اب اس ڈرامے کے ایک دلچسپ اور مزاحیہ تصور نے سوشل میڈیا پر دھوم مچا دی ہے۔
ایک انٹرنیٹ کری ایٹر نے سوچا کہ اگر ’’درِ نجات‘‘ بھارتی ٹی وی ڈراموں کی معروف پروڈیوسر ایکتا کپور کے انداز میں بنایا جاتا تو کیسا ہوتا؟ بس پھر کیا تھا، ڈرامے کے کرداروں اور کہانی کو ایکتا کپور کے مخصوص ڈرامائی اسٹائل میں ڈھال دیا گیا۔
’’درِ نجات‘‘ ان دنوں پاکستان کے ساتھ بھارت میں بھی خاصا دیکھا جا رہا ہے۔ بھارتی میڈیا کی اشاعتوں میں بھی اس ڈرامے کا ذکر ہو چکا ہے، جبکہ وہاں کے ناظرین بھی کہانی اور ابوبکر کے نرم دل اور مہربان کردار کو پسند کر رہے ہیں۔

دوسری جانب ایکتا کپور بھارتی ٹیلی وژن کی مقبول ترین پروڈیوسرز میں شمار ہوتی ہیں۔ ’’کیونکہ ساس بھی کبھی بہو تھی‘‘ اور ’’کسوٹی زندگی کی‘‘ جیسے کامیاب ڈرامے ان کے نمایاں پروجیکٹس میں شامل ہیں۔ بھارتی ٹی وی ڈراموں میں بھاری میک اپ، غیر معمولی ڈرامائی مناظر، طویل کہانیوں اور سیکڑوں اقساط پر مشتمل روایتی انداز کو بھی اکثر ان کے پروڈکشن اسٹائل سے جوڑا جاتا ہے۔

سوشل میڈیا کری ایٹر نے اسی انداز کو سامنے رکھتے ہوئے ’’درِ نجات‘‘ کے کرداروں کو ایکتا کپور کے ممکنہ ورژن میں پیش کیا۔ اس تصور میں خوش بخت ایک روایتی بھارتی ٹی وی ڈرامے کی سخت مزاج ساس کے روپ میں دکھائی دیتی ہیں، جبکہ زامل پس پردہ اپنی پراسرار چالوں کے ساتھ موجود ہیں۔ دوسری طرف ابوبکر اور زریاب کو بھی رنگ برنگے تہواروں والے ملبوسات میں دکھایا گیا ہے، جہاں دونوں روتے ہوئے نظر آتے ہیں۔

اس مزاحیہ انداز میں کرداروں کی پیشکش نے مداحوں کو خوب محظوظ کیا اور سوشل میڈیا صارفین نے اس پر دلچسپ تبصرے شروع کر دیے۔ ایک صارف نے مذاقاً لکھا کہ اس ویڈیو سے تو ایکتا کپور بھی ناراض ہوگئی ہوں گی، جبکہ دوسرے نے کہا کہ شکر ہے ہمیں ’’درِ نجات‘‘ کا ایکتا کپور ورژن نہیں دیکھنا پڑا۔

ایک اور صارف نے تو کہانی کو مزید آگے بڑھاتے ہوئے پیش گوئی کر دی کہ اس ورژن میں زامل اور ابوبکر آخرکار ایک دوسرے کے بھائی نکلیں گے۔ یوں ایک فرضی اور مزاحیہ تصور نے ڈرامے کے مداحوں کو ہنسنے کا ایک نیا موقع فراہم کر دیا ہے۔

