بلوچستان: میڈیا دفاتر کی بندش اور برطرفیوں کے خلاف صحافیوں کا دو روزہ دھرنا

pakistani media protest 241126 d

کوئٹہ — بلوچستان میں صحافیوں نے 11 میڈیا بیوروز کی بندش اور میڈیا کارکنوں کی بڑے پیمانے پر برطرفیوں کے خلاف کوئٹہ پریس کلب کے سامنے دو روزہ احتجاجی دھرنا دیا۔ روزنامہ ڈان کے مطابق یہ احتجاج پیر کو پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے) کی کال پر ہوا، جس میں سیاسی جماعتوں، وکلاء تنظیموں، مزدور یونینز، انسانی حقوق کے کارکنوں اور سول سوسائٹی کے افراد نے بھی شرکت کی۔

سابق سینیٹر نوابزادہ حاجی لشکری رئیسانی نے کہا کہ بیوروز کی بندش سے 122 خاندان ذریعۂ معاش سے محروم ہو گئے ہیں، جبکہ اب تک 40 صحافیوں کے قاتلوں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں ہوئی۔ اس سے قبل 3 نومبر کو بھی صحافیوں نے 2007ء کی ایمرجنسی کی یاد میں یومِ سیاہ منایا تھا اور برطرفیوں، بیورو دفاتر کی بندش اور تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے خلاف احتجاج کیا تھا۔

ادھر فریڈم نیٹ ورک کی سالانہ امپیونٹی رپورٹ 2026ء "تشدد سے قانونی جنگ تک: صحافیوں کے لیے عدالتی عمل بطور سزا” کے مطابق اکتوبر 2025ء سے اگست 2026ء کے درمیان صحافیوں کے خلاف کم از کم 97 خلاف ورزیاں ریکارڈ ہوئیں، جو گزشتہ دورانیے میں 142 تھیں۔ ان میں ایک صحافی کا قتل، قاتلانہ حملے کی 3 کوششیں، 18 دھمکیاں، 13 قانونی کارروائیاں، قانونی کارروائی کی 32 دھمکیاں اور جسمانی حملوں کے 11 واقعات شامل ہیں۔ رپورٹ کے مطابق ڈیجیٹل اور آزاد صحافی سب سے زیادہ نشانہ بنے، تقریباً دو تہائی مقدمات میں متاثرین کے بقول سرکاری حکام محرک تھے، اور این سی سی آئی اے کی جانب سے پی ای سی اے کا استعمال اختلافِ رائے کو سزا دینے کا مرکزی ذریعہ ہے۔

متعلقہ پوسٹ