سام سنگ کے نئے پریمیم ہیڈ فونز کی ایک جھلک منظر عام پر
سام سنگ اپنی سیم لیس کوڈیک الٹرا ہائی کوالٹی ٹیکنالوجی کو بھی نئے ہیڈ فونز میں شامل کرسکتا ہے
سام سنگ کی جانب سے پریمیم اوور ایئر وائرلیس ہیڈ فونز کی مارکیٹ میں واپسی کی تیاریوں کی اطلاعات ہیں۔
کمپنی کے نئے ہیڈ فونز ممکنہ طور پر ایپل کے ایئر پوڈز میکس اور سونی کی ڈبلیو ایچ-1000 ایکس ایم سیریز کو ٹکر دیں گے۔
رپورٹس کے مطابق سام سنگ کی گیلیکسی ویئرایبل ایپ میں ایک نئے ڈیوائس کے حوالے سے شواہد ملے ہیں جسے اندرونی طور پر گیلیکسی ایچ ون کے نام سے جانا جا رہا ہے۔
ایپ میں موجود کنکشن اسٹیٹس آئیکنز سے اندازہ ہوتا ہے کہ یہ اوور ایئر ڈیزائن کے حامل وائرلیس ہیڈ فونز ہوسکتے ہیں۔ لیک ہونے والے گرافکس میں سفید، سرمئی اور سیاہ رنگ کے ہیڈ فونز دکھائی دیتے ہیں جبکہ بعض تصاویر میں ایئر کشنز مختلف رنگوں میں نظر آتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: فولڈ ایبل کے بعد اب رولیبل فون؟ سام سنگ کی نئی ڈیوائس سے متعلق نئی لیکس سامنے آگئیں
سامنے آنے والے ڈیزائن میں چوڑا ہیڈ بینڈ اور نسبتاً بڑے ایئرکپس دکھائی دیتے ہیں تاہم یہ تصاویر حتمی ڈیزائن کی تصدیق نہیں کرتیں۔
موجودہ اطلاعات کے مطابق سام سنگ نئے ہیڈ فونز کو 2027 کے آغاز یا موسم بہار میں متعارف کرا سکتا ہے۔ تاہم کمپنی نے تاحال اس ڈیوائس کے حوالے سے کوئی باضابطہ اعلان نہیں کیا۔
نئے ہیڈ فونز میں ایکٹو نوائز کینسلیشن، ایمبیئنٹ ساؤنڈ، جدید بلوٹوتھ کنیکٹیویٹی، اے آئی اسسٹنٹ اور مختلف گیلیکسی ڈیوائسز کے درمیان خودکار سوئچنگ جیسے فیچرز شامل کیے جانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے تاہم ان خصوصیات کی فی الحال باضابطہ تصدیق نہیں ہوئی۔
سام سنگ اپنی سیم لیس کوڈیک الٹرا ہائی کوالٹی ٹیکنالوجی کو بھی نئے ہیڈ فونز میں شامل کرسکتا ہے۔ یہ ٹیکنالوجی مطابقت رکھنے والی گیلیکسی ڈیوائسز کے ساتھ ہائی ریزولوشن آڈیو فراہم کرنے کے لیے استعمال ہوتی ہے۔
اگر یہ معلومات درست ثابت ہوتی ہیں تو نئے ہیڈ فونز سام سنگ کے موجودہ گیلیکسی ایکو سسٹم کے ساتھ گہری انٹیگریشن کے ذریعے کمپنی کو پریمیم آڈیو مارکیٹ میں دوبارہ مضبوط پوزیشن بنانے میں مدد دے سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ سام سنگ اس سے قبل 2015 میں لیول آن وائرلیس پرو ہیڈ فونز متعارف کرا چکا ہے۔ ممکنہ طور پر نئے گیلیکسی ہیڈ فونز کمپنی کی جانب سے ایک دہائی سے زائد عرصے بعد پریمیم اوور ایئر آڈیو سیگمنٹ میں نمایاں واپسی کی علامت ہوں گے۔

