لاہور، 18 جنوری 2026 – وفاقی وزارت صنعت و پیداوار کی زیر نگرانی سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سمیڈا) کے تحت ایکسپو سنٹر لاہور میں 24 جنوری تا 26 جنوری کو منعقد کی جانے والی پاکستانی تاریخ کی پہلی سہ روزہ ایس ایم ای کلسٹرز ایکسپو کے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
وفاقی سیکرٹری صنعت و پیداوار سیف انجم کی سربراہی میں منعقدہ اجلاس میں تیاریوں کو حتمی شکل دے دی گئی۔ انتظامات کے بارے میں بریفنگ کے دوران سمیڈا کی چیف ایگزیکٹو آفیسر نادیہ جہانگیر سیٹھ نے بتایا کہ "میڈ ان پاکستان-ایس ایم ای کلسٹر شوکیس ایکسپو” نے مائکرو، سمال اور میڈیم سیکٹر کے خریداروں، فروخت کنندگان اور دکانداروں کے علاوہ غیر ملکی مندوبین کو بھی اپنی طرف متوجہ کر لیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ایکسپو میں آذربائیجان، ملائیشیا اور تاجکستان کے مندوبین بھی شرکت کریں گے جبکہ دیگر ممالک کے کئی سفارتکاروں اور کمرشل اتاشیوں نے بھی نمائش میں گہری دلچسپی ظاہر کی ہے۔ سیکرٹری صنعت و پیداوار نے کہا کہ اس ایکسپو کے انعقاد کا مقصد وزیر اعظم پاکستان کے معاشی ترقیاتی وژن کے مطابق ملک کے مائکرو، چھوٹے اور درمیانے درجے کے انٹرپرائز ایکو سسٹم کو مضبوط کرنا، مارکیٹ تک رسائی کو بڑھانا اور ایس ایم ای کلسٹرز کو قومی معیشت کے ایک مسابقتی ستون کے طور پر پوزیشن دینا ہے۔
سی ای او سمیڈا نے بتایا کہ تین روزہ ایکسپو میں 30 سیکٹرز سے 200 سے زائد ایس ایم ایز کی مصنوعات رکھی جا رہی ہیں۔ ایکسپو کی افتتاحی تقریب میں وزیر اعظم شہباز شریف مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کریں گے۔ ایکسپو میں کلسٹر پویلین، ڈائیلاگ اور ڈسکشن سیشنز کے علاوہ ایس ایم ایز کی خدمات کے اعتراف میں ایک ایوارڈ تقریب بھی ہوگی۔
سیکرٹری صنعت و پیداوار کو بتایا گیا کہ زرعی خوراک اور پروسیسنگ، ٹیکسٹائل، دستکاری، آلات جراحی، لائٹ انجینئرنگ، چمڑا، شہد، فرنیچر، ماربل اور گرینائٹ اور جواہرات و زیورات سے متعلق کلسٹرز اور نمائش کنندگان کا انتخاب تصدیق شدہ تجارتی اداروں کے ذریعے شفاف طریقے سے کیا گیا ہے۔
وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان اور سیکرٹری ایم او آئی پی سیف انجم اس تقریب کو موجودہ حکومت کے ایس ایم ای ڈویلپمنٹ اپروچ کا حقیقی عکاس بنانے کے لیے انتظامات کی براہ راست نگرانی کر رہے ہیں۔ تین روزہ نمائش کے دوران کارپوریٹ خریداروں، پروکیورمنٹ ہیڈز، ریگولیٹری اسٹیک ہولڈرز، مالیاتی اداروں، غیر ملکی مشنز اور عام لوگوں کی بھرپور شرکت متوقع ہے۔

