کراچی کے چنیسر ٹاؤن کے علاقے بلوچ کالونی ایڈمن سوسائٹی میں زیر تعمیر 12 عمارتوں کو سیل کردیا گیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق ایڈمن سوسائٹی میں 6 منزلہ غیر قانونی عمارت منہدم ہونے پر انتظامیہ نے پھرتیاں دکھانا شروع کردیں اور سانحے کے بعد جاگ گئی ہے۔
کمشنر کراچی کی ہدایت پر سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) نے کراچی ایڈمن سوسائٹی میں زیر تعمیر 12 عمارتوں کو سیل کردیا۔
ذرائع کے مطابق سیل کی گئی عمارتوں کی جانچ پڑتال کی جارہی ہے کہ تعمیر منظور شدہ نقشوں اور بلڈنگ قوانین و ضوابط کے مطابق کی جارہی ہے یا نہیں۔ عمارتوں کی تعمیر سے متعلق دستاویزات اور قانونی تقاضوں کا بھی جائزہ لیا جائے گا
سیل کی گئی عمارتوں میں ایڈمن سوسائٹی کے بلاک سات میں پلاٹ نمبر اے 458 اور اے 485/2، بلاک چار میں پلاٹ نمبر سی 220، سی 132 اور سی 209، بلاک آٹھ میں پلاٹ نمبر اے 161، اے 158 اور اے 344، بلاک پانچ میں پلاٹ نمبر بی 65 اور بی 40 جبکہ بلاک دو میں پلاٹ نمبر سی 29 اور بلاک پانچ میں پلاٹ نمبر سی 23 شامل ہیں ذرائع کے مطابق پلاٹ نمبر سی 220، سی 132 اور سی 209 پر گراؤنڈ پلس پانچ منزلہ جبکہ پلاٹ نمبر سی 23 پر گراؤنڈ پلس چھ منزلہ عمارت تعمیر کی جارہی تھی، پلاٹ نمبر بی 65 پر چوتھی منزل کی تعمیر جاری تھی۔
واضح رہے کہ کراچی ایڈمن سوسائٹی میں بڑے پیمانے پر غیر قانونی تعمیرات کا سلسلہ جاری ہے، جس کے خلاف کارروائی کے لیے کمشنر کراچی کی ہدایت پر ایس بی سی اے نے اقدامات شروع کردیے ہیں۔

