پاکستان یورپی منڈیوں میں اپنے حصے کے تحفظ اور توسیع کے لیے سخت شرائط اور کڑے معیارات کی کٹھن گھاٹیوں سے گزر رہا ہے ۔ کہا جا رہا ہے کہ اب پاکستان کے جی ایس پی پلس اسٹیٹس کی تجدید 2028 میں نئے فریم ورک کے تحت ہوگی۔
گزشتہ دنوں اخباری اطلاعات کے مطابق پاکستان کے سفیر اور یورپی یونین کے اعلیٰ نمائندے کے درمیان ملاقات میں دو طرفہ تجارت باہمی سرمایہ کاری اور صنعتی ترقی کے لیے تعاون پر اتفاق کیا گیا۔ اسی تناظر میں اسلام آباد میں بھی ایک اعلیٰ سطح اجلاس منعقد ہوا جس میں یورپی یونین کی جانب سے جی ایس پی پلس حیثیت کے آیندہ جائزے سے قبل تمام بین الاقوامی کنونشنز اور ضابطہ جاتی شرائط پر بروقت عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔ آج کے دور میں کسی عالمی تجارتی بلاک سے مراعات حاصل کرنا محض ایک ملاقات یا خواہش کا نتیجہ نہیں ہوتا بلکہ یہ ایک مسلسل صبر آزما سفارتی قانونی اور معاشی جنگ ہے۔ 27 بین الاقوامی کنونشنز کا پورا کرنا ناممکن تو نہیں مشکل مرحلہ ضرور ہے۔
موجودہ اسکیم کی مدت کے خاتمے کے ساتھ 2028 میں نافذ ہونے والے نئے یورپی فریم ورک کے پیش نظر پاکستان کو دوبارہ درخواست دینے اور سخت مانیٹرنگ مراحل سے گزرنے کا چیلنج درپیش ہے۔ پاکستان کا جنرلائزڈ اسکیم آف پریفرنسز پلس GSP پلس کے تحت حاصل کردہ درجہ جس کے باعث یورپی یونین اس کی بڑی برآمدی منڈی بن گئی تھی، اس سے قبل جب برطانیہ اس منڈی کا رکن تھا تو برطانیہ نے پاکستان کے لیے حمایت کی تھی۔ لیکن اب جرمنی جوکہ اس منڈی میں نمایاں مقام رکھتا ہے۔ جرمن سفیر کی طرف سے اور یورپی یونین کی طرف سے ایک رپورٹ جاری کی گئی تھی جس میں ان تمام شعبوں کی نشان دہی کی گئی جن میں پاکستان کو طے شدہ تقاضوں پر عمل درآمد کرنا ہوگا، البتہ جرمنی نے میرٹ کی بنیاد پر پاکستان کے جاری آئی ایم ایف پروگرام کی حمایت کی ہے۔
یہاں یہ امر انتہائی تشویش ناک ہے کہ یورپی یونین اور بھارت کے تجارتی معاہدوں اور ملک کے اندر بجلی کے نرخوں میں اضافہ گیس کی بلند قیمتوں اور اب تو ٹینکرز مافیا کی طرف سے منہ مانگی قیمتوں نے پاکستانی ٹیکسٹائل صنعت کے لیے مسابقت کو مزید کٹھن بنا دیا ہے۔ اس وقت پاکستان کی کل برآمدات کا 25 سے 30 فی صد یورپی یونین کو جاتا ہے۔ واضح رہے کہ برطانیہ یورپی یونین میں شامل نہیں لیکن برآمدات کا ایک نمایاں حصے کا تجارتی شراکت دار ہے اور یورپی یونین میں جرمنی پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے۔
جرمنی اور پاکستان کے درمیان دو طرفہ تجارت 2017 سے تقریباً 3.5 ارب یورو پر جمود کا شکار ہے۔1959 سے قائم تاریخی اقتصادی تعلقات کے باوجود اس میں معمولی اضافہ ہوا ہے۔ 2017 میں جرمنی میں پاکستانی طلبا کی تعداد 6 ہزار تھی جو اب بڑھ کر 13 ہزار ہو گئی ہے۔ جرمنی میں تقریباً مفت تعلیم کا نظام ہے۔ پاکستانی طلبا کو وہاں اپنے رہائشی اخراجات اٹھانے پڑتے ہیں لہٰذا ان طلبا کی تعداد میں 15 سے 20 گنا اضافے کے امکانات کا جائزہ لینا چاہیے، کیونکہ جرمنی جدید ترین ٹیکنالوجی اور اعلیٰ ترین آئی ٹی مہارت سے لیس ملک ہے، چونکہ جرمنی کے سرمایہ کاروں میں پاکستان میں سرمایہ کاری میں دلچسپی بڑھتی چلی جا رہی ہے جس کا اعتراف حکومتی سطح پر کیا گیا ہے۔ اس تناظر میں امید ہے کہ یورپی یونین کے 2028 کے نئے نظام کے تحت پاکستان کے لیے جرمنی کی طرف سے نرم رویہ اختیار کیا جا سکتا ہے۔
وہ منظر جب آگرہ کے قلعے کی رنگ سرخ سے بنی فصیلیں سورج کی پہلی کرن کے ساتھ دہکنے لگی تھیں۔ جمنا کا پانی خاموشی سے بہہ رہا تھا مگر دربار کے اندر وقت کا وہ طوفان انگڑائی لے رہا تھا جس نے آنے والی صدیوں میں اس سرزمین کا جغرافیہ اور مقدر دونوں بدل دیے تھے۔ 1615 کی ایک خنک صبح کا ذکر ہے جب مغل شہنشاہ نورالدین محمد جہانگیر کا دربار خاص پوری شان و شوکت سے سجا ہوا تھا، اس دور کا ہندوستان جسے ’’سونے کی چڑیا‘‘ کہا جاتا تھا۔ کہا جاتا ہے کہ دنیا کی کل پیداوار کا ایک چوتھائی حصہ اس خطے کے افراد کے ہاتھوں کمایا جاتا تھا۔ اس دربار میں ایک عاجز بھری آواز جس میں التجا تھی کہ انگلستان سے آئے ہوئے تاجروں کو سہولیات و مراعات دی جائیں، بس یہ درخواست یہ التجا کام کر گئی اور انگریزوں کو ان کے حسب منشا اجازت و مراعات اور سہولیات کا شاہی فرمان جاری ہو گیا۔ سونے کی چڑیا ‘‘کہلانے والا غیر ملکی تاجروں کے لیے انتہائی پرکشش تھا۔ آج میں یہ سوچتا ہوں کہ ماضی میں کس طرح چشم زدن میں تمام مراعات عطا کر دی گئی تھیں۔
آج ہم انھی مراعات کے حصول اور بقا کی خاطر کس طرح سے ساری ناگوار شرائط بھی تسلیم کر رہے ہیں۔ تاریخ کا سبق ہم غور سے پڑھیں تو یوں ہے کہ ہمیں محض رعایات، سہولیات کا سہارا لینے کے بجائے اپنی پیداواری صلاحیت معاشی خود انحصاری کی راہ اپنانی ہوگی تاکہ ہم حقیقی معنوں میں ملک کے لیے اپنی برآمدات کو بڑھا سکیں۔

