مصر: ہائی وے پر آئل ٹینکر میں آتشزدگی سے 31 افراد ہلاک، 21 زخمی، پاکستان کا اظہار افسوس

fuel tank crashes fire cairo deaths1795668134 0


مصر کے دارالحکومت قاہرہ کے گرد واقع مرکزی شاہراہ پر پیٹرولیم مصنوعات لے جانے والے آئل ٹینکر کو حادثہ پیش آنے کے بعد خوفناک آگ بھڑک اٹھی، جس کے نتیجے میں کم از کم 31 افراد ہلاک اور 21 زخمی ہوگئے۔

خبر رساں ادارے رائٹرز اور ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق یہ حادثہ  قاہرہ کے نواحی علاقے گیزہ کے ضلع الوراق میں رنگ روڈ پر پیش آیا، جہاں ایندھن سے بھرا ٹینکر الٹنے کے بعد آگ کی لپیٹ میں آگیا۔ آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے قریبی گاڑیوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ 

ابتدائی اندازوں کے مطابق آتشزدگی کے نتیجے میں کم از کم 27 گاڑیاں، جن میں کاریں اور موٹر سائیکلیں بھی شامل تھیں، جل کر تباہ ہوگئیں۔ بعض گاڑیوں میں سوار افراد کو نکلنے کا موقع بھی نہ مل سکا۔

مصری وزارتِ صحت کے مطابق امدادی کارروائیوں کے لیے 39 ایمبولینسیں جائے وقوعہ پر روانہ کی گئیں جبکہ زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔

مصری حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں اور ناقابل شناخت لاشوں کی شناخت کے لیے ڈی این اے ٹیسٹ کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ 

پاکستان کی وزیر اعظم شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قاہرہ میں ٹینکر میں لگنے والی تباہ کن آگ کے نتیجے میں قیمتی جانوں کے المناک نقصان پر مجھے گہرا دکھ ہوا ہے۔

پاکستان کے عوام اور حکومت کی جانب سے، میں صدر عبدالفتاح السیسی، سوگوار خاندانوں اور مصر کے برادر عوام سے دلی تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔





Source link

متعلقہ پوسٹ