اسوان (مصر): چھٹے اسوان فورم برائے پائیدار امن و ترقی (21 اور 22 نومبر) میں عرب حکام اور سفارت کاروں نے ایران اور امریکہ کے درمیان دوبارہ ہمہ گیر جنگ چھڑنے کے خدشے کا سب سے زیادہ اظہار کیا۔ دو سینئر عرب عہدیداروں نے کہا کہ انہیں دونوں ممالک کے درمیان دشمنی دوبارہ شروع ہونے کی توقع ہے۔ ایک عہدیدار کے مطابق: "مجھے امید ہے کہ میں غلط ثابت ہوں، لیکن مکمل فوجی تصادم دوبارہ شروع ہو جائے گا۔”
یہ جنگ فروری کے آخر میں امریکی اور اسرائیلی حملوں سے شروع ہوئی تھی۔ نو ماہ بعد بھی لڑائی، بحری حملے اور سفارتی تعطل جاری ہے۔ بحرین نے ایرانی حملوں میں دو افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع دی، جبکہ پاسدارانِ انقلاب نے الرفاع اور عوالی کے اڈوں پر دو امریکی پیٹریاٹ ریڈار سسٹمز کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا۔ اس سے دو روز قبل اس نے کویت میں علی السالم ایئربیس پر حملوں کا دعویٰ کیا تھا۔
ایک عرب سفارت کار کا کہنا تھا کہ امریکی وسط مدتی انتخابات میں ڈیموکریٹس کی دونوں ایوانوں میں جیت سے تصادم کی رفتار سست پڑ سکتی ہے۔ صدر ٹرمپ نے خبردار کیا کہ جنوری میں کنٹرول سنبھالنے کے بعد ڈیموکریٹس جنگ کے فنڈز میں کٹوتی کر سکتے ہیں، جبکہ ان کے مطابق مہم کیلئے جنوری کے آخر تک فنڈز موجود ہیں۔
مصری وزیر خارجہ بدر عبدالعاطی نے غزہ امن منصوبے کے دوسرے مرحلے پر عمل درآمد اور تعمیر نو میں تیزی کا مطالبہ کیا۔ لبنانی وزراء نے جنوبی لبنان میں اسرائیلی تباہ کاریوں کی مذمت کی، جبکہ شام کی وزیر ہند قباوات نے کثیر سالہ فنڈنگ اور پابندیاں ہٹانے کی اپیل کی۔

