رومانیہ کے قومی دن پر سفیر ڈاکٹر ڈین سٹوئینسکو کا خطاب، پاکستان کے ساتھ اقتصادی، دفاعی اور ثقافتی تعاون بڑھانے کا عزم

FB IMG 1795796821388

اسلام آباد: محمد سلیم سے

پاکستان میں رومانیہ کے سفیر ڈاکٹر ڈین سٹوئینسکو نے رومانیہ کے قومی دن کی تقریب سے خطاب میں کہا کہ دونوں ممالک 60 سال سے زائد کی سفارتی دوستی کو ٹھوس مواقع میں بدلنے کے نئے دور میں داخل ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قومی دن آزادی، جمہوریت، یکجہتی اور قانون کی حکمرانی کی اقدار کی تجدید کا موقع ہے۔ یکم دسمبر 1918ء کو "گریٹ یونین” نے جدید رومانیہ کی بنیاد رکھی تھی، جبکہ 2027ء میں رومانیہ کی یورپی یونین رکنیت کے 20 سال مکمل ہوں گے۔

سفیر نے کہا کہ پیچیدہ عالمی ماحول کے باوجود رومانیہ کی اسٹریٹجک سمت نہیں بدلی۔ یورپی یونین اور نیٹو کی رکنیت اور امریکہ کے ساتھ اسٹریٹجک شراکت داری خارجہ پالیسی کے بنیادی ستون ہیں۔ انہوں نے یوکرین پر روسی جارحیت کو یورپی اور عالمی سلامتی کے لیے خطرہ قرار دیا اور بحیرہ اسود میں تجارتی جہازوں پر حالیہ حملوں اور تخریب کاری کا حوالہ دیا۔ رومانیہ بلغاریہ کے ساتھ مل کر "بحیرہ اسود میری ٹائم سیکیورٹی حب” قائم کر کے نیٹو کے مشرقی بازو کو مضبوط بنانے، یوکرین کے لیے منصفانہ اور پائیدار امن، مالدووا کی یورپی شمولیت اور او ای سی ڈی رکنیت کے لیے کوشاں ہے۔

پاکستان سے تعلقات پر انہوں نے کہا کہ 15 اکتوبر 1964ء کو سفارتی تعلقات قائم ہوئے اور رومانیہ نے پاکستان کی تیل، سیمنٹ اور کھاد کی صنعت کی ترقی میں کردار ادا کیا۔ اقتصادی سفارت کاری ان کی ترجیح ہے۔ مارچ 2026ء میں کانسٹانتسا بندرگاہ اور کراچی پورٹ ٹرسٹ کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے، جبکہ دونوں ممالک کے چیمبرز آف کامرس کے درمیان معاہدہ، پاکستانی تجارتی وفود کے دورے اور اکتوبر میں بخارسٹ میں بزنس فورم بھی حوصلہ افزا پیش رفت ہیں۔ پہلے رومانیہ-پاکستان آئی ٹی فورم میں سو سے زائد کمپنیوں نے شرکت کی۔ دفاع کے شعبے میں گالاتسی میں پاکستان نیوی کے لیے تیار چار آف شور پٹرول ویسلز کامیاب تعاون کی مثال ہیں، جبکہ عسکری تعلیم، تربیت، فوجی طب اور آفات سے نمٹنے میں مزید مواقع موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ رومانیہ میں تعلیم اور روزگار کے لیے جانے والے پاکستانیوں کی تعداد بڑھ رہی ہے اور رومانیہ قانونی و منظم لیبر موبیلٹی کا خیرمقدم کرتا ہے۔ یومِ پاکستان پر رومانیہ کے "مادریگال” نیشنل چیمبر کوئر نے پاکستان کے قومی ترانے کی پہلی پیشہ ورانہ کورل پیشکش کی۔ اپریل میں پارلیمنٹ ہاؤس میں تصویری نمائش، جون میں نیشنل لائبریری میں "رومانین بک شیلف” اور اسلام آباد میں رومانین زبان کے کورسز کی تیاری بھی اہم اقدامات ہیں۔ تعلیم، سائنس، ثقافت، سفارتی تربیت اور پبلک براڈکاسٹنگ میں نئے معاہدوں پر کام جاری ہے اور پاکستان بھر میں اعزازی قونصل خانوں کا نیٹ ورک مضبوط کیا جا رہا ہے۔

متعلقہ پوسٹ