جرمنی کا شامی پناہ گزینوں کیلئے وطن واپسی پر 8 ہزار یورو تک نقد بونس کا منصوبہ: رپورٹ

german chanslor inn d 1

برلن: جرمن روزنامہ بلڈ کی رپورٹ کے مطابق جرمنی شامی پناہ گزینوں کیلئے وطن واپسی کا منصوبہ تیار کر رہا ہے، جس میں فی بالغ 8 ہزار یورو (تقریباً 8789 ڈالر) تک نقد بونس دیا جا سکتا ہے۔ ان اقدامات کا مقصد رضاکارانہ واپسی میں اضافہ کرنا ہے، جو اب تک حکومتی اہداف سے کم رہی ہے۔ حکومت نے کسی مخصوص نئی رقم کی تصدیق نہیں کی۔

چانسلر فریڈرک مرز بارہا کہہ چکے ہیں کہ برلن ان شامیوں کی حوصلہ افزائی کرے گا جو 2011 میں خانہ جنگی شروع ہونے کے بعد جرمنی آئے تھے کہ وہ بشار الاسد حکومت کے خاتمے کے بعد اپنے ملک کی تعمیرِ نو میں مدد کیلئے واپس جائیں۔

رپورٹ میں دیے گئے اعداد و شمار کے مطابق اس سال جنوری سے اکتوبر کے دوران صرف 5468 شامی ریاستی مدد سے واپس گئے، جبکہ اندازاً 3000 افراد بغیر مدد کے چلے گئے۔ جرمن وزارتِ داخلہ 2027 کیلئے مالی امدادی نظام کا جائزہ لے رہی ہے، جس میں مشاورت کو آسان بنانے، طریقۂ کار کو تیز کرنے اور شفافیت بڑھانے کے منصوبے شامل ہیں۔ موجودہ رضاکارانہ واپسی پروگرام کے تحت چار افراد کا خاندان پروازوں کے اخراجات سمیت 3600 یورو (تقریباً 3949 ڈالر) تک وصول کر سکتا ہے۔

رہائش اور پروازوں میں سہولت

بلڈ کے مطابق جرمنی واپس جانے والوں کیلئے شام میں رہائشی منصوبوں کی فنڈنگ بھی بڑھا رہا ہے۔ سرکاری ترقیاتی بینک KfW وفاقی بجٹ سے 20 ملین یورو (تقریباً 21.9 ملین ڈالر) مختص کرے گا، جس سے تقریباً 10 ہزار واپس جانے والے پناہ گزینوں کیلئے قریباً 1500 رہائشی یونٹ تعمیر کیے جائیں گے۔ یہ منصوبہ 2027 میں شروع ہو کر 2029 کے آخر تک مکمل ہونے کی توقع ہے۔ جرمن ترقیاتی ایجنسی GIZ بھی تعمیرِ نو میں معاونت کر رہی ہے۔ فروری میں ایجنسی نے دمشق کے جنگ سے تباہ شدہ جوبر ضلع میں ایک ابتدائی منصوبہ شروع کیا، جس کا مقصد رہائش اور جائیداد کے حقوق کا تحفظ ہے، اور اس میں واپس آنے والوں کے ملکیتی دعوؤں میں مدد کیلئے ایک مشاورتی مرکز بھی شامل ہے۔

اخبار کے مطابق جرمنی اور شام کے درمیان براہِ راست پروازیں بھی واپسی کو آسان اور سستا بنا سکتی ہیں۔ لفتھانزا گروپ کی ایئرلائن یوروونگز جنوری 2027 سے ہیمبرگ سے پیر کے روز پروازیں شروع کرے گی، جن میں یک طرفہ ٹکٹ تقریباً 200 یورو (تقریباً 219 ڈالر) میں دستیاب ہوں گے۔ اسی ماہ برلن، ڈسلڈورف اور اسٹٹگارٹ سے بھی اضافی ہفتہ وار پروازوں کا منصوبہ ہے۔

سیاسی بحث میں شدت

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق جرمنی میں تقریباً 12 لاکھ 80 ہزار افراد شامی پس منظر کے حامل ہیں، جن میں سے بہت سے انسانی بنیادوں پر رہائشی اجازت نامے رکھتے ہیں۔ تقریباً 30 فیصد کے پاس، بنیادی طور پر نیچرلائزیشن کے ذریعے، جرمن شہریت ہے۔ مزید 2 لاکھ 92 ہزار شامی ذیلی تحفظ (subsidiary protection) رکھتے ہیں، جو عام طور پر ایک سے تین سال کیلئے دیا جانے والا عارضی درجہ ہے اور اگر حکام یہ طے کریں کہ شام میں سلامتی کی صورتحال مستقل طور پر بہتر ہو گئی ہے تو اس میں توسیع مشکل ہو سکتی ہے۔

بڑے پیمانے پر واپسی کے امکان نے جرمنی میں سیاسی بحث کو تیز کر دیا ہے، اور تارکینِ وطن مخالف جماعت آلٹرنیٹو فار جرمنی (AfD) نے اس مسئلے کو اپنی انتخابی مہم کا مرکزی نکتہ بنا لیا ہے۔ مارچ میں برلن میں شامی صدر احمد الشرع کے ساتھ مشترکہ نیوز کانفرنس میں مرز نے کہا کہ جرمنی میں موجود تقریباً 80 فیصد شامیوں سے توقع ہے کہ وہ اگلے تین سال میں وطن واپس جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جو شامی جرمن معاشرے میں اچھی طرح ضم ہو چکے ہیں اور رہنا چاہتے ہیں، انہیں ملک میں رہنے کی اجازت ہو گی۔

متعلقہ پوسٹ