امریکا میں تھینکس گیونگ ڈے کے موقع پر آنے والے شدید سمندری طوفان اور موسلادھار بارشوں نے مشرقی ساحلی ریاستوں میں نظامِ زندگی مفلوج کردیا، جس کے نتیجے میں تقریباً 10 لاکھ صارفین بجلی سے محروم ہوگئے، جبکہ فضائی اور زمینی سفر بھی شدید متاثر ہوا۔
طوفان اور سیلابی صورتحال کے باعث امریکا بھر میں 500 پروازیں منسوخ اور 3 ہزار سے زائد تاخیر کا شکار ہوئیں۔ نیویارک اور واشنگٹن ڈی سی کے بڑے ہوائی اڈے سب سے زیادہ متاثر ہوئے، جہاں ریگن ایئرپورٹ کے رن ویز پر سیلابی پانی جمع ہوگیا، جبکہ لاگارڈیا ایئرپورٹ پر حفاظتی اقدامات کے تحت عارضی طور پر پروازیں روکنا پڑیں۔
بجلی کی فراہمی بھی شدید متاثر ہوئی۔ جمعرات کی شام ساڑھے 7 بجے طوفان کی شدت کے دوران 9 لاکھ 61 ہزار سے زائد صارفین بجلی سے محروم تھے، جن کی تعداد رات تقریباً 10 بجے تک کم ہوکر 9 لاکھ 8 ہزار رہ گئی۔ پنسلوینیا میں 2 لاکھ 7 ہزار سے زائد، نیو جرسی میں ایک لاکھ 79 ہزار، میری لینڈ میں ایک لاکھ 39 ہزار، ورجینیا میں ایک لاکھ 6 ہزار، مسوری میں ایک لاکھ اور نیویارک میں 68 ہزار سے زائد گھروں اور کاروباری مراکز کی بجلی منقطع ہوئی۔
شدید بارشوں کے باعث زمین نرم ہونے اور 50 سے 70 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی طوفانی ہواؤں کے نتیجے میں متعدد درخت جڑوں سے اکھڑ کر بجلی کی تاروں اور کھمبوں پر گر گئے، جس سے بجلی کا نظام متاثر ہوا۔ تیز ہواؤں اور ساحلی سیلاب کے خطرے کے پیش نظر پنسلوینیا اور نیو جرسی کو ملانے والا کموڈور بیری برج جبکہ میری لینڈ کے کئی پل بھی ٹریفک کے لیے بند کردیے گئے۔
خراب موسم کے باعث نیویارک شہر کی مشہور سالانہ میسیز تھینکس گیونگ ڈے پریڈ بھی متاثر ہوئی۔ اپنی 100 سالہ تاریخ میں پہلی بار موسم کی خرابی کے باعث پریڈ ملتوی کرکے ہفتہ 28 نومبر تک مؤخر کردی گئی۔ ادھر نیویارک اور نیو جرسی کے گورنرز نے شدید سیلاب اور طوفان کے خطرے کے پیش نظر ریاستوں میں ہنگامی حالت نافذ کردی، جبکہ نیویارک شہر اور ورجینیا میں سیلابی پانی میں پھنسی گاڑیوں سے درجنوں افراد کو ریسکیو کیا گیا۔
طوفان کے اثرات صرف مشرقی ساحل تک محدود نہیں رہے، جہاں موسلادھار بارشوں اور بلند سمندری لہروں نے تباہی مچائی، وہیں وسط مغربی ریاست مسوری میں شدید برف باری ریکارڈ کی گئی۔ دوسری جانب مغربی ساحل پر کیلیفورنیا کے ساحلی علاقوں میں بھی اونچی لہروں کے باعث لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کی گئی۔
یوں تھینکس گیونگ کی تعطیلات کے دوران امریکا کی مختلف ریاستیں شدید موسمی صورتحال کی لپیٹ میں رہیں، جس سے لاکھوں افراد کی روزمرہ زندگی اور سفری منصوبے متاثر ہوئے۔

