ال نینو، جنگ سے متاثرہ ۱۶؍ خطوں میں غذائی عدم تحفظ بدتر ہونے کی توقع: اقوام متحدہ

sudan 02092626 d

نیویارک: اقوام متحدہ کی خوراک و زراعت تنظیم (FAO) اور عالمی خوراک پروگرام (WFP) نے جمعہ کو خبردار کیا کہ ال نینو موسمیاتی مظہر اور جاری تنازعات کے سبب اگلے چھ ماہ کے دوران دنیا بھر کے ۱۶؍ شدید متاثرہ علاقوں میں غذائی عدم تحفظ بدترین سطح پر پہنچنے کی توقع ہے۔

ایجنسیوں کے مطابق دسمبر ۲۰۲۶ء سے مئی ۲۰۲۷ء کے دوران ان علاقوں میں بھوک میں نمایاں اضافے کا امکان ہے۔ جنوبی افریقی خطہ، وسطی امریکہ کی خشک راہداری اور شمال مشرقی یوگنڈا نئے شامل ہونے والے علاقوں میں ہیں، جبکہ چاڈ کو پڑوسی ملک سوڈان کے تنازع کے اثرات کی وجہ سے شامل کیا گیا ہے۔ سوڈان، جنوبی سوڈان، صومالیہ، نائیجیریا کے کچھ حصے اور یمن سب سے زیادہ تشویش کے پانچ علاقے ہیں۔ ۱۶؍ میں سے ۱۲؍ ہاٹ اسپاٹس میں تنازع اور مسلح تشدد کو غذائی عدم تحفظ کے بڑے محرکات قرار دیا گیا ہے۔

ایجنسیوں نے جنوری ۲۰۲۷ء تک سوڈان کے شمالی دارفور اور جنوبی کردوفان کے ۱۳؍ علاقوں میں قحط کے خطرے سے بھی خبردار کیا۔ جنوبی افریقی خطے میں ال نینو سے منسلک خشک سالی اور گرم موسم کے سبب زرعی پیداوار کو خطرہ لاحق ہے۔ آنے والے مہینوں میں زمبابوے میں ۳۰؍ لاکھ تک، ملاوی میں ۲۶؍ لاکھ اور موزمبیق میں ۱۸؍ لاکھ افراد کو شدید غذائی عدم تحفظ کی اعلیٰ سطح کا سامنا ہو سکتا ہے۔

ایجنسیوں نے کہا کہ سب سے زیادہ تشویش والے پانچ علاقوں میں غذائی تحفظ اور غذائیت کے لیے انسانی امدادی فنڈنگ ۲۰۲۲ء سے ۲۰۲۵ء کے درمیان ۶۲؍ فیصد کم ہوئی۔ FAO اور WFP نے فوری انسانی امداد اور متاثرہ آبادیوں تک محفوظ رسائی کا مطالبہ کیا۔ ان کے مطابق مشترکہ پیشگی ایکشن پلان کا مقصد ۲۲؍ ممالک میں ۹۰؍ لاکھ افراد کو ال نینو کے ممکنہ اثرات سے بچانا ہے۔

یمن اور سوڈان سمیت دنیا کے کئی خطے مسلح تنازع سے متاثر ہیں، جس کے باعث بڑی تعداد میں لوگ بے گھر ہو کر کیمپوں میں رہنے پر مجبور ہیں اور غذائی عدم تحفظ کا شکار ہیں۔ ال نینو دنیا بھر میں بارش میں کمی کا سبب بن رہا ہے، جس سے خشک سالی اور فصلوں کی تباہی کی صورت حال پیدا ہوئی ہے، اور کیمپوں میں رہنے والے بے گھر افراد کو انتہائی سنگین حالات کا سامنا ہے۔

متعلقہ پوسٹ