امریکہ میں طوفان، ۱۰؍ لاکھ کے قریب افراد بجلی سے محروم، سیکڑوں پروازیں منسوخ

usa strom d

واشنگٹن: امریکہ میں آنے والے شدید طوفان اور موسلا دھار بارش نے نظامِ زندگی کو مفلوج کر دیا ہے۔ ملک بھر میں تقریباً ۱۰؍ لاکھ صارفین بجلی سے محروم ہو گئے ہیں جبکہ ہزاروں پروازیں بھی شدید متاثر ہوئی ہیں۔ طوفان کے دوران ہواؤں کی رفتار ۱۱۲؍ کلومیٹر فی گھنٹہ تک ریکارڈ کی گئی، جس سے متعدد درخت اور بجلی کے کھمبے گر گئے، اور شدید بارش سے ساحلی علاقے زیر آب آ گئے۔

بجلی کی بندش سے سب سے زیادہ متاثر ریاستوں میں پنسلوانیا سرفہرست ہے جہاں ۲؍ لاکھ ۷؍ ہزار سے زائد صارفین بجلی سے محروم ہوئے۔ نیو جرسی میں ایک لاکھ ۷۹؍ ہزار، میری لینڈ میں ایک لاکھ ۳۹؍ ہزار، ورجینیا میں ایک لاکھ ۶؍ ہزار، مسوری میں ایک لاکھ اور نیویارک ریاست میں ۶۸؍ ہزار سے زائد صارفین کو بجلی کی فراہمی معطل رہی۔

فضائی آپریشنز پر نظر رکھنے والے اداروں کے مطابق امریکہ بھر میں ۴۵۴؍ پروازیں منسوخ اور ۲؍ ہزار ۴۱۱؍ تاخیر کا شکار ہوئیں، جن میں واشنگٹن اور نیویارک کے بڑے ہوائی اڈے سب سے زیادہ متاثر ہوئے۔ امریکی محکمہ موسمیات کے مطابق ورجینیا، میری لینڈ، ڈیلاویئر، نیو جرسی، نیویارک اور نیو انگلینڈ کے ساحلی علاقوں میں ہواؤں کی رفتار ۵۰؍ سے ۷۰؍ میل فی گھنٹہ تک رہی۔ نیویارک شہر کے محکمۂ ہنگامی انتظامات کے مطابق لاگارڈیا ایئرپورٹ پر ہواؤں کی شدت ۵۶؍ میل فی گھنٹہ تک پہنچ گئی۔ انتظامیہ نے خبردار کیا ہے کہ طوفان اور غیر معمولی بلند سمندری لہروں کے باعث مشرقی ساحل کے نشیبی علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔ شدید موسم کے پیش نظر نیویارک میں تھینکس گیونگ کے موقع پر ہونے والی میسیز پریڈ کی ۱۰۰؍ویں سالانہ تقریب کو پہلی مرتبہ نئے شیڈول پر منتقل کیا گیا ہے۔

دوسری جانب امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے ریاست فلوریڈا میں شدید طوفان اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے لیے تقریباً ۱۰؍ کروڑ ڈالر کی وفاقی امداد کی منظوری کا اعلان کیا ہے۔ فلوریڈا بھی اس طوفان سے متاثر ہے۔

متعلقہ پوسٹ