واشنگٹن / کویت — 3 مارچ 2026
امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) نے تصدیق کی ہے کہ ایران کے ساتھ جنگ میں اب تک 6 امریکی فوجی اہلکار ہلاک ہو چکے ہیں۔ یہ تمام ہلاکتیں آپریشن ایپک فیوری کے دوران ہوئیں جو ہفتے کے روز شروع ہوا۔
ابتدائی ہلاکتیں کویت کی بندرگاہ شعیبہ پر قائم ایک عارضی آپریشنز سینٹر پر ایران کے براہ راست حملے میں ہوئیں جہاں ایک میزائل فضائی دفاع کو چکمہ دے کر اندر داخل ہو گیا۔ سینٹکام نے بعد میں بتایا کہ ایران کے ابتدائی حملوں میں لاپتہ ہونے والے دو مزید فوجیوں کی لاشیں بھی نکال لی گئیں۔ اس کے علاوہ چوتھا فوجی جو زخمی حالت میں تھا، بعد میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگیا۔ اب تک 18 امریکی فوجی شدید زخمی بھی ہوئے ہیں۔
کویت میں 3 لڑاکا طیارے تباہ
سینٹکام نے تصدیق کی کہ تین امریکی ایئر فورس کے لڑاکا طیارے غلطی سے کویتی فضائی دفاعی نظام کی فائرنگ سے مار گرائے گئے۔ تاہم تمام 6 پائلٹ بحفاظت طیاروں سے نکلنے میں کامیاب ہوئے اور محفوظ ہیں۔ کویت نے واقعے کو تسلیم کیا اور تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
صدر ٹرمپ نے اعلان کیا کہ جنگی آپریشن اس وقت تک جاری رہے گا جب تک تمام اہداف حاصل نہ ہو جائیں اور مزید ہلاکتوں کا خدشہ بھی ظاہر کیا۔ امریکی افواج اب تک ایران میں ایک ہزار سے زیادہ اہداف کو نشانہ بنا چکی ہیں۔

