پشاور:
سیشن جج مانسہرہ ارباب عزیز احمد نے جیل کے اندر عدالتی کارروائی میں مداخلت، جج اور جوڈیشل مجسٹریٹ کو دھمکانے اور توہین آمیز رویہ اختیار کرنے پر سپرنٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ جیل مانسہرہ عارف خان کو چھ ماہ قید اور تین ہزار روپے جرمانے کی سزا سنا دی۔
عدالت نے ملزم کی جانب سے پیش کی گئی غیر مشروط معافی مسترد کرتے ہوئے اسے حراست میں لے کر جوڈیشل لاک اپ بھیجنے کا حکم دیا۔عدالت نے قرار دیا کہ عدالتی کارروائی میں رکاوٹ ڈالنے اور عدالتی اختیار کو چیلنج کرنے کے معاملے کو محض ذاتی بدتمیزی یا معمولی غلط فہمی قرار نہیں دیا جا سکتا، کیونکہ اس سے انصاف کی فراہمی اور قیدیوں کے حقوق متاثر ہوتے ہیں۔
عدالتی حکم کے مطابق 27 نومبر 2026 کو سیشن جج مانسہرہ اور جوڈیشل مجسٹریٹ-II سید عباس بخاری ڈسٹرکٹ جیل کے دورے پر تھے، جہاں قیدیوں کی شکایات سننے، معمولی نوعیت کے فوجداری مقدمات نمٹانے اور جیل کے مجموعی معائنے کا عمل جاری تھا۔ اس دوران دو قیدیوں بلال ولد عزیز احمد اور بابر ولد سرفراز کی شکایات بھی سنی جا رہی تھیں، جبکہ جوڈیشل مجسٹریٹ ایک زیر سماعت مقدمے میں حکم تحریر کر رہے تھے۔
حکم نامے کے مطابق اس دوران سپرنٹنڈنٹ جیل عارف خان نے مبینہ طور پر جارحانہ اور توہین آمیز رویہ اختیار کیا، عدالتی افسران کی کارروائی میں مداخلت کی اور انہیں اپنا کام جاری رکھنے سے روکا۔ عدالت نے قرار دیا کہ سپرنٹنڈنٹ نے جیل عملے اور قیدیوں کی موجودگی میں یہ بھی کہا کہ جیل کے اندر وہ خود سیشن جج اور بااختیار افسر ہیں، جبکہ سیشن جج اور عدلیہ کو جیل کے معاملات میں مداخلت کا اختیار نہیں۔
عدالتی حکم کے مطابق سپرنٹنڈنٹ نے اپنے والد کے ریٹائرڈ جج اور بھائی کے حاضر سروس سیشن جج ہونے کا حوالہ دیتے ہوئے مبینہ طور پر یہ تاثر بھی دیا کہ ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کر سکتا۔ عدالت نے مزید قرار دیا کہ سپرنٹنڈنٹ نے جیل عملے کے ہمراہ دونوں عدالتی افسران کو گھیر لیا، جس سے خوف اور عدم تحفظ کی صورتحال پیدا ہوئی، جبکہ جیل سے روانگی کے دوران بھی ان کے خلاف قابل اعتراض تبصرے جاری رکھے۔
واقعے پر عدالت نے اسی روز سپرنٹنڈنٹ جیل کو دفعہ 228 تعزیرات پاکستان کے تحت نوٹس جاری کیا۔ اگلے روز عارف خان عدالت میں پیش ہوئے اور تحریری جواب میں اپنے نامناسب اور جارحانہ رویے کا اعتراف کرتے ہوئے غیر مشروط معافی طلب کی۔
سیشن جج نے تحریری جواب کا جائزہ لینے اور سپرنٹنڈنٹ کو صفائی پیش کرنے کا موقع دینے کے بعد قرار دیا کہ انہوں نے اپنے رویے کی کوئی تسلی بخش وجہ پیش نہیں کی۔ عدالت کے مطابق ایک ذمہ دار سرکاری افسر سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ عدالتی افسران کے ساتھ تحمل، وقار اور پیشہ ورانہ انداز میں پیش آئے اور عدالتی فرائض کی انجام دہی میں تعاون کرے۔
عدالت نے قرار دیا کہ اگر معاملہ محض ذاتی بدتمیزی تک محدود ہوتا تو اسے نظرانداز کیا جا سکتا تھا، تاہم یہاں قیدیوں کی شکایات سننے اور ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے جاری قانونی عدالتی کارروائی میں دانستہ رکاوٹ ڈالی گئی۔ ذاتی معافی اور عوامی جوابدہی الگ معاملات ہیں اور محض معافی سے سرکاری عہدے کے غلط استعمال یا عدالتی کارروائی میں رکاوٹ کی ذمہ داری ختم نہیں ہوتی۔
عدالت نے سپریم کورٹ کے فیصلے کا حوالہ دیتے ہوئے قرار دیا کہ دفعہ 228 تعزیرات پاکستان کے تحت عدالتی کارروائی سے متعلق جرم کا ارتکاب کرنے والے شخص کا ٹرائل وہی عدالت بھی کر سکتی ہے جس کی موجودگی میں جرم ہوا ہو۔
عدالت نے سپرٹنڈنٹ عارف خان کو قصوروار قرار دیتے ہوئے چھ ماہ قید اور تین ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی۔ جرمانہ ادا نہ کرنے کی صورت میں انہیں مزید پانچ دن قید بھگتنا ہوگی۔ عدالت نے سپرنٹنڈنٹ جیل کو حراست میں لے کر سزا پر عمل درآمد کے لیے جوڈیشل لاک اپ بھیجنے کا حکم دیا۔
عدالتی حکم میں واضح کیا گیا کہ سرکاری عہدہ یا ذاتی تعلقات کسی اہلکار کو عدالتی اختیار سے بالاتر نہیں بناتے، اور قیدیوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے انجام دی جانے والی عدالتی کارروائی میں رکاوٹ ڈالنے کو محض معافی کی بنیاد پر نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔

