ایما واٹسن پر تیز رفتاری کے باعث چھ ماہ کیلئے گاڑی چلانے پر پابندی

لندن (شوبز ڈیسک) مشہور برطانوی اداکارہ ایما واٹسن، جنہوں نے ہیری پوٹر فلم سیریز میں "ہرمائنی گرینجر” کے کردار سے عالمی شہرت حاصل کی، کو مقررہ رفتار سے زیادہ گاڑی چلانے کے باعث چھ ماہ کیلئے ڈرائیونگ سے محروم کر دیا گیا ہے۔عدالتی دستاویزات کے مطابق، ایما واٹسن نے 31 جولائی 2024 کو آکسفورڈ کے علاقے میں 30 میل فی گھنٹہ کی حد میں 38 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے گاڑی چلائی۔ چونکہ ان کے ڈرائیونگ لائسنس پر پہلے ہی 9 پوائنٹس موجود تھے، مزید تین پوائنٹس کے اضافے کے بعد برطانیہ کے "ٹوٹنگ اپ” قانون کے تحت انہیں چھ ماہ کی پابندی کا سامنا کرنا پڑا۔ہائی وِکَمب میجسٹریٹس کورٹ نے ان پر £1,044 (تقریباً 3 لاکھ 75 ہزار پاکستانی روپے) کا جرمانہ بھی عائد کیا۔ ایما واٹسن اس پیشی پر خود موجود نہیں تھیں اور ان کے وکیل نے عدالت میں ان کا مؤقف پیش کیا۔دلچسپ امر یہ ہے کہ اسی دن اسی عدالت میں اداکارہ زوئی وانامییکر پر بھی تیز رفتاری کے باعث چھ ماہ کی پابندی عائد کی گئی، جنہیں 40 میل فی گھنٹہ کی حد میں 46 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے گاڑی چلاتے ہوئے پکڑا گیا تھا۔برطانیہ میں "ٹوٹنگ اپ” قانون کے مطابق اگر کسی ڈرائیور کے لائسنس پر 12 یا اس سے زائد پوائنٹس جمع ہو جائیں تو عدالت ڈرائیونگ پر عارضی پابندی عائد کر سکتی ہے۔

متعلقہ پوسٹ