عمران خان کے بیٹوں کی ٹرمپ کے ایلچی سے ملاقات، والد کی رہائی کے لیے امریکا میں مہم کا آغاز

واشنگٹن/کیلیفورنیا: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی اور سابق وزیراعظم عمران خان کی رہائی کے لیے ان کے بیٹوں سلیمان خان اور قاسم خان نے امریکا میں مہم کا آغاز کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں انہوں نے سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خصوصی ایلچی رچرڈ گرینل سے ملاقات کی۔یہ ملاقات منگل کے روز کیلیفورنیا میں ہوئی، جس کے بعد رچرڈ گرینل نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے پیغام میں کہا کہ انہوں نے عمران خان کے بیٹوں کو حوصلہ بلند رکھنے کی تلقین کی اور کہا کہ دنیا بھر میں لاکھوں لوگ سیاسی انتقام پر مبنی مقدمات سے متاثر ہو رہے ہیں — "آپ اکیلے نہیں ہیں۔”عمران خان کے بیٹے مئی 2024 میں پہلی بار اپنے والد کی حراست پر کھل کر سامنے آئے تھے۔ عمران خان اگست 2023 سے اڈیالہ جیل میں قید ہیں، جہاں وہ 190 ملین پاؤنڈ کرپشن کیس میں سزا کاٹ رہے ہیں۔ ان پر 9 مئی 2023 کے پرتشدد احتجاج سے متعلق انسدادِ دہشت گردی کے مقدمات بھی زیر سماعت ہیں۔امریکا میں پی ٹی آئی کی حمایت حاصل کرنے کی مہم میں پاکستانی نژاد امریکی ڈاکٹر آصف محمود بھی سرگرم کردار ادا کر رہے ہیں، جو یو ایس کمیشن برائے بین الاقوامی مذہبی آزادی (USCIRF) کے نائب چیئرمین بھی ہیں۔ڈاکٹر آصف نے ایک تصویر شیئر کی جس میں وہ عمران خان کے بیٹوں اور رچرڈ گرینل کے ہمراہ نظر آ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انہیں قاسم اور سلیمان پر فخر ہے جو اپنے والد کی رہائی کے لیے بھرپور کوشش کر رہے ہیں۔ ساتھ ہی انہوں نے رچرڈ گرینل کو "انصاف اور اصولوں کے ساتھ کھڑے ہونے” پر سراہا اور پی ٹی آئی بانی عمران خان کی رہائی کے لیے وسیع تر اتحاد پر زوردیا ہے ۔

متعلقہ پوسٹ