فلوریڈا: عالمی شہرت یافتہ ریسلر اور ورلڈ ریسلنگ انٹرٹینمنٹ (WWE) کے اسٹار ٹیری بولیا، جو "ہلک ہوگن” کے نام سے مشہور تھے، 71 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ وہ دل کا دورہ پڑنے کے باعث اپنے گھر میں جان کی بازی ہار گئے۔
ہلک ہوگن ریسلنگ کی دنیا کا ایک بڑا نام تھے۔ چھ فٹ 7 انچ قد اور قوی ہیکل جسم کے مالک ہلک کو ان کی گھوڑے کی نعل جیسی مونچھوں، رنگ میں جارحانہ انداز، اور طاقت کے بھرپور استعمال کی وجہ سے دنیا بھر میں بے پناہ مقبولیت حاصل ہوئی۔
انہوں نے ریسلنگ کی دنیا میں کئی دہائیوں تک راج کیا اور ڈبلیو ڈبلیو ای کو عالمی سطح پر مقبول بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ ان کی وفات پر دنیا بھر میں مداح افسردہ ہیں اور ریسلنگ انڈسٹری نے ایک عظیم سپر اسٹار کو کھو دیا ہے۔