اسلام آباد میں گدھے کے گوشت کی بڑی کھیپ پکڑی گئی، 25 من گوشت برآمد

اسلام آباد: فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے وفاقی دارالحکومت کے علاقے ترنول میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے 25 من سے زائد گدھے کا گوشت برآمد کر لیا۔ لاہور کے بعد اب اسلام آباد میں بھی گدھے کے گوشت کی غیر قانونی فراہمی کا انکشاف سامنے آیا ہے۔

ڈائریکٹر فوڈ اتھارٹی ڈاکٹر طاہرہ صدیق کے مطابق کارروائی کے دوران پچاس سے زائد گدھے بھی برآمد کیے گئے جبکہ موقع پر موجود ایک غیر ملکی شہری کو گرفتار کر کے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ اتھارٹی کے مطابق برآمد شدہ گوشت کو مختلف علاقوں میں سپلائی کیا جاتا تھا اور تفتیش جاری ہے کہ یہ گوشت کن کن علاقوں میں پہنچایا گیا۔ ابتدائی تحقیقات میں یہ انکشاف بھی سامنے آیا ہے کہ گوشت بیرونِ ملک بھی سپلائی کیا جا رہا تھا۔

ڈائریکٹر طاہرہ صدیق نے کہا کہ ملوث افراد کے خلاف فوری طور پر مقدمہ درج کرنے کا حکم دے دیا گیا ہے اور برآمد شدہ گوشت کو موقع پر ہی تلف کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شہریوں کو محفوظ اور معیاری غذا کی فراہمی کے لیے فوڈ اتھارٹی دن رات کوشاں ہے۔

حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ مشکوک سرگرمیوں کی فوری اطلاع دیں تاکہ ایسے عناصر کے خلاف بروقت کارروائی کی جا سکے۔

متعلقہ پوسٹ