پاکستان میں گھی اور کوکنگ آئل مہنگا، حکومت کا نوٹس — عالمی مارکیٹ میں 25 فیصد کمی کے باوجود عوام سے 175 روپے فی کلو اضافی وصولی کا انکشاف

اسلام آباد: ملک میں گھی اور کوکنگ آئل کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافے پر وفاقی حکومت نے نوٹس لے لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق عالمی مارکیٹ میں خوردنی تیل اور گھی کی قیمتوں میں 25 فیصد تک کمی ہوئی ہے، لیکن اس کے برعکس پاکستان میں عوام سے 150 سے 175 روپے فی کلو تک زائد وصولی کی جا رہی ہے۔معاملے پر اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کے اجلاس میں غور جاری ہے، اور مسابقتی کمیشن کے ذریعے گھی و کوکنگ آئل انڈسٹری میں مبینہ کارٹل (گٹھ جوڑ) کی تحقیقات شروع کیے جانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ اضافہ عالمی رجحانات کے برخلاف ہے اور اس سے عام صارفین شدید متاثر ہو رہے ہیں۔ اجلاس میں قیمتوں کے اس غیر منصفانہ تعین پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، اور امکان ہے کہ قانونی کارروائی، قیمتوں کے تعین کے طریقہ کار میں تبدیلی، اور منافع خوروں کے خلاف کریک ڈاؤن کے فیصلے کیے جائیں گے۔حکومت کی جانب سے یہ عندیہ بھی دیا گیا ہے کہ شہریوں کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جائے گا، اور کسی کو ناجائز منافع خوری کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

شہری حلقوں نے حکومت سے فوری اقدامات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ گھی اور تیل جیسی روزمرہ ضرورت کی اشیاء کی قیمتوں کو کنٹرول میں رکھا جائے، اور مافیا کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے۔

متعلقہ پوسٹ