اسلام آباد( بیورو رپورٹ محمد سلیم سے )
پاکستان تحریک انصاف کو قومی اسمبلی میں بڑا جھٹکا لگا ہے، جہاں اپوزیشن لیڈر، پارلیمانی لیڈر اور ڈپٹی پارلیمانی لیڈر کے عہدے واپس لے لیے گئے ہیں۔ عمر ایوب اپوزیشن لیڈر، زرتاج گل پارلیمانی لیڈر اور احمد چٹھہ ڈپٹی پارلیمانی لیڈر کے عہدے سے فارغ ہوگئے، جبکہ اپوزیشن لیڈر کا چیمبر بھی خالی کرا لیا گیا۔ذرائع کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی نے ارکان کی نااہلی سے ایوان کو آگاہ کر دیا ہے اور نئے اپوزیشن لیڈر کے تقرر کے لیے مشاورت شروع ہو گئی ہے۔پی ٹی آئی کے 7 ارکان سے 15 قائمہ کمیٹیوں کی رکنیت بھی واپس لی گئی ہے، جن میں صاحبزادہ حامد رضا سے قائمہ کمیٹی انسانی حقوق کی چیئرمین شپ، رائے حسن نواز سے قائمہ کمیٹی ریلوے کی چیئرمین شپ اور زرتاج گل سے قائمہ کمیٹی انسانی حقوق کی رکنیت شامل ہے۔