بوگوٹا: کولمبیا کے معروف سینیٹر اور آئندہ صدارتی انتخابات کے مضبوط امیدوار میگوئل اُریبے تُربای پیر کے روز 39 برس کی عمر میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے انتقال کر گئے۔
جون میں بوگوٹا کے علاقے فونتیبون میں انتخابی مہم کے دوران مسلح شخص نے ان پر فائرنگ کی تھی، جس میں ان کے سر اور ٹانگ پر گولیاں لگیں۔ شدید زخمی حالت میں انہیں اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں دو ماہ تک متعدد آپریشن اور طبی امداد کے باوجود ان کی جان نہ بچائی جا سکی۔
اُریبے تُربای کولمبیا کی ڈیموکریٹک سینٹر پارٹی کے رہنما تھے اور 2026 کے صدارتی انتخابات میں اہم امیدوار سمجھے جا رہے تھے۔ وہ سابق صدر خولیو سیزر تُربای آیالا کے نواسے اور صحافی دیانا تُربای کے بیٹے تھے، جنہیں 1991 میں میڈیئن کارٹیل کی قید سے چھڑانے کی ناکام کوشش میں جان گنوانا پڑی تھی۔
واقعے کے بعد ایک 14 سالہ مشتبہ حملہ آور کو موقع سے گرفتار کیا گیا، جبکہ دیگر منصوبہ سازوں کو بھی حراست میں لیا گیا ہے۔ اس سانحے نے ملک میں سیاسی تشدد کے خطرے کو ایک بار پھر اجاگر کر دیا ہے اور عوامی نمائندوں کے تحفظ کے لیے نئے مطالبات کو جنم دیا ہے۔