وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کا سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ، متاثرین کے لیے اقدامات کا اعلان متوقع

FB IMG 1755681247167

پشاور: وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر آج شدید بارشوں اور طغیانی کے باعث سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے دورے پر روانہ ہوئے۔ دورے کا مقصد متاثرین کی مشکلات کا قریب سے جائزہ لینا اور امدادی سرگرمیوں کو مزید مؤثر بنانا ہے۔
وزیراعظم اور فیلڈ مارشل سب سے پہلے سوات پہنچے جہاں وفاقی وزیر امیر مقام اور دیگر اعلیٰ حکام نے ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر مقامی انتظامیہ نے متاثرہ علاقوں کی تفصیلی بریفنگ دی اور نقصانات کی ابتدائی رپورٹ پیش کی۔
حکام کے مطابق وزیراعظم اور فیلڈ مارشل نے سوات میں متاثرین سے ملاقات کی اور جاری امدادی کاموں کا جائزہ لیا۔ بعدازاں دونوں شخصیات بونیر روانہ ہوگئیں جہاں وہ متاثرہ دیہات کا دورہ کریں گے، متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کریں گے اور ریلیف کی فراہمی کے اقدامات کا براہِ راست معائنہ کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف آئندہ 24 گھنٹوں میں ایک خصوصی امدادی پیکیج کا اعلان کرسکتے ہیں، جبکہ فوجی قیادت کی جانب سے ریلیف آپریشن مزید تیز کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔
حکومتی نمائندوں کے مطابق اس دورے کا مقصد متاثرہ عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے ساتھ ساتھ امدادی سرگرمیوں کو مؤثر بنانا اور مستقبل میں حفاظتی اقدامات کے لیے حکمتِ عملی تیار کرناہے

متعلقہ پوسٹ