وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے جمعرات کے روز پاکستان کی پہلی "ڈیجیٹل اکنامک مردم شماری” کا باضابطہ افتتاح کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ یہ ڈیٹا سیٹ ملک کی معیشت کو سائنٹیفک پلاننگ کی بنیاد فراہم کرے گا اور قومی سطح پر اقتصادی منصوبہ بندی میں اہم کردار ادا کرے گا۔
احسن اقبال نے کہا کہ یہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی اقتصادی مردم شماری ہے، جس کے اعداد و شمار معیشت کی درست سمت کا تعین کرنے میں معاون ہوں گے۔ ان کے مطابق اس ڈیجیٹل مردم شماری سے اچھی حکمرانی، بیروزگاری کے خاتمے، قومی وسائل کے بہتر استعمال اور پائیدار اقتصادی ترقی میں مدد ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے اعداد و شمار پر مبنی فیصلے کرنے کی اشد ضرورت ہے تاکہ ترقی کے سفر کو تیز اور مؤثر بنایا جا سکے۔ وزیر منصوبہ بندی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت اس مردم شماری کو شفاف، جامع اور جدید تقاضوں کے مطابق مکمل کرے گی تاکہ مستقبل کی پالیسی سازی مضبوط بنیادوں پر استوار ہو سکے۔
