بھارتی ہائی کمیشن نے پاکستان کو ممکنہ سیلابی صورتحال سے آگاہ کر دیا، مئی کی جنگ کے بعد پہلا بڑا رابطہ

FB IMG 1756113382095 1



اسلام آباد:(فائزہ یونس نمائندہ خصوصی) سرکاری ذرائع کے مطابق اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمیشن نے پاکستانی حکام کو سیلاب کی ممکنہ صورتحال کے بارے میں باضابطہ طور پر آگاہ کر دیا ہے۔ یہ رابطہ مئی میں پاک بھارت جنگ کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان پہلا بڑا اور باضابطہ سفارتی اقدام قرار دیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق بھارتی ہائی کمیشن نے پاکستان کو اطلاع دی ہے کہ بھارت کے بالائی علاقوں میں ہونے والی شدید بارشوں کے نتیجے میں دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں نمایاں اضافہ متوقع ہے، جس کے اثرات سرحد پار پاکستان کے دریاؤں اور نشیبی علاقوں پر بھی پڑ سکتے ہیں۔ بھارتی ہائی کمیشن کی جانب سے فراہم کردہ معلومات میں بارشوں کی شدت اور پانی کے اخراج کے اعداد و شمار بھی شامل کیے گئے ہیں تاکہ پاکستان پیشگی اقدامات کر سکے۔
پاکستانی وزارتِ خارجہ اور متعلقہ سرکاری اداروں نے اس پیش رفت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ پانی کے بہاؤ اور ممکنہ خطرات پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے۔ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (NDMA) اور صوبائی حکومتوں کو بھی ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے تاکہ نشیبی علاقوں میں بروقت حفاظتی اقدامات کیے جا سکیں۔
سفارتی ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ رابطہ اس بات کی علامت ہے کہ خطے میں کشیدگی کے باوجود دونوں ممالک قدرتی آفات یا انسانی جانوں کے تحفظ کے معاملے پر تعاون کے خواہاں ہیں۔ یہ پیش رفت پاک بھارت تعلقات میں سفارتی سطح پر ایک مثبت اشارہ بھی سمجھی جا رہی ہے۔

متعلقہ پوسٹ