لاہور:( نمائندہ خصوصی وائس آف جرمنی )وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی خصوصی ہدایت پر پاکستان نے غزہ کے عوام کے لیے امدادی مہم کو جاری رکھتے ہوئے ایک اور بڑی کھیپ روانہ کر دی۔
پیر کے روز لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے خصوصی پرواز کے ذریعے 100 ٹن امدادی سامان روانہ کیا گیا۔ اس امدادی کھیپ کو پاکستان کی طرف سے غزہ کے عوام کے لیے بھیجی جانے والی اکیسویں کھیپ قرار دیا جا رہا ہے۔
امدادی سامان میں راشن بیگز، فوری کھانے کے پیکٹ (Ready-to-eat Meals) اور ڈبہ بند پھل شامل ہیں، جنہیں فلسطینی عوام کی فوری غذائی ضروریات کے پیش نظر بھیجا جا رہا ہے۔ پاکستان کی حکومت کا کہنا ہے کہ یہ امدادی سلسلہ اس وقت تک جاری رہے گا جب تک غزہ کے عوام کی مشکلات میں کمی نہیں آتی۔
وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے واضح کیا ہے کہ فلسطین کے عوام کے ساتھ کھڑا ہونا پاکستان کی اخلاقی، انسانی اور دینی ذمہ داری ہے۔ ان کے مطابق حکومتِ پاکستان عالمی برادری سے بھی اپیل کرتی ہے کہ وہ فلسطینی عوام کی امداد کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کرے۔
پاکستان کے عوام اور حکومت کی جانب سے غزہ کے عوام کے لیے بھیجے جانے والے یہ امدادی پیکجز عالمی سطح پر پاکستان کے اس مؤقف کی عکاسی کرتے ہیں کہ مظلوم فلسطینی عوام کو مشکل کی اس گھڑی میں تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔
