اسلام آباد :پاکستان میں بینک اکاؤنٹ اور نقدی کے بغیر لین دین کے لیے ڈیجیٹل کرنسی کے استعمال کی طرف اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے مرکزی بینک کی ڈیجیٹل کرنسی کے منصوبے کو تجرباتی مرحلے میں داخل کر دیا ہے، جس کا مقصد مالیاتی نظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا اور عوام کو باآسانی ڈیجیٹل ادائیگی کی سہولت فراہم کرنا ہے۔
ذرائع کے مطابق اسٹیٹ بینک نے ڈیجیٹل کرنسی کی نگرانی کے لیے فریم ورک تشکیل دینا شروع کر دیا ہے، جبکہ پائلٹ لانچ سے قبل تمام متعلقہ قوانین اور ضوابط کو حتمی شکل دی جائے گی۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے نہ صرف مالیاتی شمولیت بڑھے گی بلکہ نقدی کے استعمال میں کمی کے ذریعے معیشت کو دستاویزی بنانے میں بھی مدد ملے گی۔
ابتدائی طور پر منصوبہ محدود سطح پر متعارف کرایا جائے گا تاکہ اس کے نتائج اور اثرات کا جائزہ لیا جا سکے۔ کامیاب تجربے کے بعد ملک بھر میں ڈیجیٹل روپے کا باضابطہ اجرا کیا جائے گا۔
