لاہور (اسپورٹس ڈیسک) — پنجاب میں حالیہ تباہ کن سیلاب کے دوران قومی کرکٹر احمد شہزاد متاثرہ عوام کے ساتھ جس عزم اور جذبے کے ساتھ سرگرم ہیں، وہ قابلِ ستائش ہے۔ کرکٹ کی دنیا میں "سیلفی کنگ” کے نام سے مشہور احمد شہزاد آج خدمتِ انسانیت کے میدان میں بھی اپنی مثال قائم کر رہے ہیں۔
احمد شہزاد نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور متاثرین کے ساتھ وقت گزارا۔ انہوں نے امدادی سامان کی تقسیم میں حصہ لیتے ہوئے یہ پیغام دیا کہ مشکل وقت میں قوم کو یکجا ہو کر ایک دوسرے کا سہارا بننا چاہیے۔
کرکٹ شائقین اور عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ احمد شہزاد کا یہ اقدام اس بات کا ثبوت ہے کہ حقیقی ہیروز وہی ہوتے ہیں جو مشکل گھڑی میں اپنی قوم کے شانہ بشانہ کھڑے ہوں۔
سیلاب متاثرین کے ساتھ ان کا تعاون اور عملی کردار اس بات کا اظہار ہے کہ کھیل کے میدان کے علاوہ سماجی خدمت کے میدان میں بھی ہمارے کھلاڑی نمایاں خدمات انجام دے سکتے ہیں۔
