خیبر (نمائندہ خصوصی) پاکستانی سیکیورٹی فورسز نے خیبر ضلع کے علاقے وادیٔ تیراہ میں ایک بروقت اور کامیاب کارروائی کرتے ہوئے افغان دہشت گرد جنیداللہ ولد دولت خان کو ہلاک کر دیا۔
ترجمان آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران دہشت گرد کے قبضے سے افغان شناختی کارڈ، بھاری مقدار میں اسلحہ، ایک موبائل فون اور لیزر ڈیوائس بھی برآمد ہوئی۔ ہلاک دہشت گرد مختلف دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث تھا اور سیکورٹی فورسز کو طویل عرصے سے مطلوب تھا۔
آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ پاکستانی سیکیورٹی فورسز ملک میں دیرپا امن قائم کرنے اور دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے تک اپنی کارروائیاں جاری رکھیں گی۔
واضح رہے کہ وادیٔ تیراہ ایک حساس اور اسٹریٹیجک اہمیت کا حامل علاقہ ہے جہاں ماضی میں کالعدم تنظیموں کے ٹھکانے موجود رہے ہیں۔ اس علاقے میں کامیاب کارروائی دہشت گردوں کی کمر توڑنے کے مترادف قرار دی جا رہی ہے۔