چیئرمین سینیٹ کا خطاب: چاول کی صنعت ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے

FB IMG 1759082467727 1



اسلام آباد: چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان کی چاول کی صنعت ملک کی معیشت میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے اور پائیدار زرعی پالیسیوں کے ذریعے اس سیکٹر کو مزید ترقی دی جائے گی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو مقامی ہوٹل میں رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے زیر اہتمام منعقدہ 17ویں ایکسپورٹ ٹرافی ایوارڈز کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
تقریب میں سابق چیئرمین سینیٹ میاں محمد سومرو، چیئرمین رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن میاں فیصل جہانگیر، صنعتکار میاں انجم نثار، پیر سید ناظم حسین شاہ سمیت بڑی تعداد میں چاول کے برآمدکنندگان اور صنعتکار شریک ہوئے۔
چیئرمین سینیٹ نے زرعی شعبے خصوصاً چاول کے کاشتکاروں اور برآمدکنندگان کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ چاول پاکستان کی دوسری بڑی برآمدی جنس ہے، جو گزشتہ مالی سال میں ملکی جی ڈی پی میں 0.6 فیصد حصہ ڈالنے کے ساتھ دیہی معیشت کو سہارا فراہم کر رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ مالی سال 2024 میں پاکستان کی چاول کی برآمدات تاریخی سطح پر 4 ارب ڈالر تک پہنچیں، جو کسانوں اور برآمدکنندگان کی انتھک محنت اور ملک کی بھرپور صلاحیت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
گیلانی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت زرعی شعبے میں پائیدار اور جدید پالیسیوں کے ذریعے نہ صرف چاول بلکہ دیگر اجناس کی پیداوار اور برآمدات کو بھی مزید فروغ دے گی۔

متعلقہ پوسٹ