لاہور (اسپیشل رپورٹ) ایشیا کپ کے سنسنی خیز فائنل کے بعد بھارت نے صدر ایشین کرکٹ کونسل محسن نقوی سے ٹرافی وصول کرنے سے انکار کر کے نیا تنازع کھڑا کر دیا۔ بھارتی ٹیم کی اس حرکت کو شائقین اور ماہرین نے "غیر کھیلوں والا رویہ” قرار دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ٹرافی وصول کرنے کی تقریب مکمل ہو چکی ہے اور بھارتی ٹیم کی غیر موجودگی نے ایونٹ کی اختتامی سرگرمیوں کو داغدار کر دیا۔ اس واقعے پر آئی سی سی نوٹس لے سکتی ہے اور بھارتی ٹیم یا بورڈ کے خلاف ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزی پر کارروائی ممکن ہے۔ امکان ہے کہ آئی سی سی وارننگ یا جرمانے کی سزا دے، تاہم بڑی پابندی کا امکان کم سمجھا جا رہا ہے کیونکہ اس طرح کے تنازعات میں عالمی ادارہ عموماً نرم رویہ اپناتا ہے۔
واضح رہے کہ محسن نقوی اس وقت ایشین کرکٹ کونسل کے صدر ہیں اور انہوں نے ٹرافی تقسیم کے موقع پر کہا تھا کہ کھیل کو سیاست سے بالاتر ہونا چاہیے۔ بھارتی ٹیم کا انکار مختلف حلقوں میں سیاسی دباؤ سے جوڑا جا رہا ہے۔ تجزیہ کاروں کے مطابق مودی سرکار حالیہ فوجی نقصانات، خصوصاً چھ جنگی جہاز گرنے کے زخم کو کھیلوں کے میدان میں بھلانے میں ناکام رہی ہے اور اس کا اظہار کرکٹ تقریب میں بھی نظر آیا۔
کرکٹ مبصرین کا کہنا ہے کہ کھیل کو سیاست کی بھینٹ چڑھانا خطے کے لیے نقصان دہ ثابت ہوگا اور آئی سی سی کو چاہیے کہ وہ مستقبل میں اس طرح کے واقعات کی روک تھام کے لیے سخت پالیسی اپنائے۔

بھارت کا ٹرافی وصول کرنے سے انکار، تقریب ختم، آئی سی سی ایکشن لے سکتی ہے، ایشیا کپ فائنل 3

