دبئ: ایشیا کپ کے فائنل کے بعد ٹرافی کی اختتامی تقریب تاخیر کا شکار ہوگئی جس پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین اور ایشین کرکٹ کونسل کے صدر محسن نقوی نے سخت ردعمل دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے ایک بار پھر "جینٹل مین گیم” کو داغدار کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق بھارتی ٹیم نے ایشین کرکٹ کونسل کے صدر محسن نقوی سے ٹرافی لینے سے انکار کیا اور تقریب میں غیر ضروری تاخیر کی، جسے شائقین اور ماہرین نے غیر شائستہ عمل قرار دیا۔ محسن نقوی نے کہا کہ کھیل کو سیاست اور ذاتی رویوں سے آلودہ کرنا افسوسناک ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارت رافیل طیارے کے گرنے کا غصہ کرکٹ میدان میں نکال رہا ہے، جبکہ کھیل کو کھیل ہی رہنے دینا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہینڈ شیک تنازع کے بعد یہ نیا تماشا کھیل کی روح کے خلاف ہے اور اس رویے سے نہ صرف شائقین مایوس ہوئے بلکہ کھیل کی ساکھ کو بھی نقصان پہنچا۔
محسن نقوی نے زور دیا کہ ایشین کرکٹ کونسل کھیل کی اقدار کے تحفظ کے لیے اقدامات کرے گی تاکہ مستقبل میں اس قسم کے ناخوشگوار واقعات نہ ہوں۔

