لاہور (اسپورٹس ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ایک بڑا فیصلہ کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ ایشیا کپ 2025 کے فائنل میچ سے حاصل ہونے والی تمام فیس اور آمدنی 7 مئی کے دہشت گرد حملے میں شہید ہونے والے معصوم بچوں اور عام شہریوں کے نام کر دی جائے گی۔ اس فیصلے کو عوامی سطح پر ایک تاریخی اقدام قرار دیا جا رہا ہے جس نے ملک بھر کے شائقین کرکٹ کے دل جیت لیے ہیں۔
پی سی بی کے ترجمان کے مطابق یہ اقدام نہ صرف شہداء کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے کیا گیا ہے بلکہ ان کے اہل خانہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کا پیغام بھی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ "کرکٹ صرف کھیل نہیں بلکہ قوم کے جذبات اور اتحاد کی علامت ہے، اور یہ فیصلہ اسی قومی جذبے کی عکاسی کرتا ہے۔”
ذرائع کے مطابق فائنل میچ کے لیے فروخت ہونے والے ٹکٹس، براڈ کاسٹ رائٹس اور اسپانسرشپ سے حاصل ہونے والی آمدنی کی مکمل رقم شہداء فنڈ میں جمع کرائی جائے گی۔ اس سلسلے میں پی سی بی نے متعلقہ اداروں کے ساتھ مشاورت مکمل کر لی ہے تاکہ رقوم شفاف طریقے سے مستحق خاندانوں تک پہنچ سکیں۔
واضح رہے کہ 7 مئی کو ہونے والے دہشت گرد حملے میں بڑی تعداد میں معصوم بچے اور بے گناہ شہری شہید ہوئے تھے، جس پر پوری قوم غم اور صدمے میں ڈوب گئی تھی۔ پی سی بی کے اس فیصلے کو نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں کرکٹ سے محبت کرنے والوں نے سراہا ہے