لندن (نمائندہ وائس آف جرمنی) وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ غزہ سے متعلق حالیہ اجلاس میں حوصلہ افزا بات چیت ہوئی ہے اور عالمی سطح پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف آواز بلند کرنے کا سلسلہ جاری رہے گا۔ لندن میں مقیم پاکستانی صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات نہایت خوشگوار ماحول میں ہوئی جس میں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر بھی شریک تھے۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ پاک-بھارت جنگ بندی میں صدر ٹرمپ اور ان کی ٹیم نے اہم کردار ادا کیا جس پر پاکستان ان کا شکر گزار ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پاکستانی قوم نے امن کی ان کوششوں کے اعتراف میں صدر ٹرمپ کو نوبل انعام کے لیے نامزد کرنے کی تجویز دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے انہیں یہ موقع ملا کہ وہ 24 کروڑ عوام کے جذبات کی نمائندگی کرتے ہوئے غزہ اور کشمیر میں جاری ظلم و بربریت کے خلاف بھرپور آواز بلند کر سکیں۔ وزیر اعظم نے موسمیاتی تبدیلی کے باعث حالیہ تباہ کن سیلاب کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس نے ملک کو شدید نقصان پہنچایا ہے اور عالمی برادری کو اس بحران کے حل میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
دہشت گردی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ ماضی میں دہشت گردوں کی رہائی کے باعث اس عفریت نے دوبارہ سر اٹھایا، لیکن افواجِ پاکستان اور قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گردوں اور فتنہ الخوارج کے خاتمے کے لیے برسرِ پیکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا اور پاکستان دشمن عناصر کو بھرپور انداز میں شکست دی جائے گی۔