اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) ایشیائی ترقیاتی بینک (ADB) نے اپنی تازہ ترین ’’ایشین ڈویلپمنٹ آؤٹ لک‘‘ رپورٹ جاری کر دی ہے، جس میں ایشیا و پیسفک خطے کی معاشی نمو کے تخمینے کم کر دیے گئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق 2025 میں خطے کی شرح نمو 4.7 فیصد رہنے کا امکان ہے، جو قبل ازیں پیش گوئی سے کم ہے، جبکہ 2026 کے لیے نمو کا اندازہ 4.6 فیصد لگایا گیا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ امریکی تجارتی پالیسیوں، چین کی سست معیشت، برآمدات میں کمی، اور گھریلو طلب کی کمزوری نے خطے کی اقتصادی سرگرمیوں پر منفی اثر ڈالا ہے۔ تاہم افراط زر میں کمی کی امید ظاہر کی گئی ہے اور 2025 میں خطے کی اوسط مہنگائی 2 فیصد رہنے کا امکان ہے۔
پاکستان کے بارے میں رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مالی سال 2025 میں ملکی شرح نمو 2.7 فیصد رہنے کی توقع ہے۔ صنعت اور خدمات کے شعبے کی بہتری سے کچھ مثبت رجحان سامنے آیا ہے لیکن ملک کو اب بھی قرضوں کی ادائیگی، مالیاتی استحکام اور اصلاحات کے چیلنجز درپیش ہیں۔
ماہرین کے مطابق خطے کے ممالک کو معیشت کو مستحکم بنانے کے لیے توانائی، موسمیاتی تبدیلی اور انفراسٹرکچر میں سرمایہ کاری کے ساتھ ساتھ تجارتی روابط کو فروغ دینا ہوگا