اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں ڈینگی وائرس کے کیسز میں اضافہ جاری ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 56 مریض سامنے آئے ہیں۔ سرکاری اعدادوشمار کے مطابق دیہی علاقوں سے 37 اور شہری علاقوں سے 19 کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔
محکمہ صحت کے مطابق اس وقت 27 مریض اسلام آباد کے مختلف سرکاری اور نجی ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں جبکہ باقی مریض گھروں میں آئسولیشن میں ہیں۔ ماہرین صحت نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ بارشوں کے بعد کھلے پانی کے ذخائر میں مچھروں کی افزائش میں اضافہ ہوا ہے، جس کے باعث کیسز میں تیزی دیکھی جا رہی ہے۔
ضلعی انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ گھروں اور اطراف میں پانی کھڑا نہ ہونے دیں اور مچھر دانی و اسپرے کا استعمال یقینی بنائیں۔ اس کے ساتھ ساتھ بلدیاتی عملے کو ہدایت کی گئی ہے کہ متاثرہ علاقوں میں لاروا کش اسپرے اور فومیگیشن مہم کو تیز کیا جائے۔
