یروشلم: اسرائیلی بحری افواج نے غزہ کی جانب امداد لے جانے والے گلوبل صمود فلوٹیلا کے جہازوں پر کارروائی کرتے ہوئے ان کا کنٹرول سنبھالنا شروع کر دیا ہے۔ اسرائیلی میڈیا رپورٹس کے مطابق اب تک چھ جہازوں کو روکا جا چکا ہے اور مزید کو روکنے کی کارروائی جاری ہے۔
اسرائیلی فوجیوں نے جہازوں پر سوار ہو کر متعدد کارکنوں کو حراست میں لے لیا ہے۔ حراست میں لیے جانے والوں میں پاکستان کے سینیٹر مشتاق احمد بھی شامل ہیں، جو فلوٹیلا مہم میں بطور کارکن شریک تھے۔ جماعتِ اسلامی نے ان کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے اسرائیلی اقدام کی مذمت کی ہے اور فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔
واضح رہے کہ فلوٹیلا مہم کا مقصد غزہ کے محصور عوام تک خوراک اور طبی امداد پہنچانا تھا۔ تاہم اسرائیل کا مؤقف ہے کہ غزہ کی بحری گزرگاہ پر مکمل ناکہ بندی عائد ہے اور کسی بھی غیر مجاز جہاز کو داخلے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
ادھر انسانی حقوق کی تنظیموں نے اسرائیلی کارروائی کو غیر قانونی قرار دیا ہے جبکہ عالمی برادری کی جانب سے بھی اس پر ردعمل سامنے آنے کی توقع ہے۔
