مڈغاسکر میں فوجی بغاوت، صدر فرار

FB IMG 1760516969097 1



انتاناناریوو  — مڈغاسکر میں نوجوانوں کی قیادت میں جاری احتجاجی تحریک کے بعد فوج نے حکومت کا تختہ الٹ دیا ہے، صدر انڈری راجویلینا ملک سے فرار ہو گئے ہیں اور پارلیمنٹ نے انہیں مواخذے کے ذریعے عہدے سے ہٹا دیا ہے۔
دارالحکومت سمیت مختلف شہروں میں جین زی (Gen Z) کے نوجوانوں نے بدعنوانی، بجلی و پانی کی بندش اور مہنگائی کے خلاف کئی ہفتوں تک مظاہرے کیے۔ احتجاج شدت اختیار کر گیا تو فوج کے خصوصی یونٹ CAPSAT نے حکومت کے احکامات ماننے سے انکار کرتے ہوئے بغاوت کا اعلان کر دیا۔
صدر راجویلینا نے پارلیمنٹ تحلیل کرنے کی کوشش کی مگر اپوزیشن نے ان کا فیصلہ تسلیم کرنے سے انکار کر دیا۔ پارلیمنٹ نے مواخذے کی کارروائی مکمل کرتے ہوئے صدر کو عہدے سے برطرف کیا۔
فوجی کمانڈر کرنل مائیکل راندریانیرینا نے آئین معطل کرنے اور دو سال کے لیے عبوری حکومت قائم کرنے کا اعلان کیا۔ فوج نے سرکاری اداروں، ٹی وی اسٹیشنوں اور صدارتی محل کا کنٹرول سنبھال لیا ہے۔
احتجاجی تحریک کے دوران کم از کم 22 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوئے۔ عالمی برادری نے بغاوت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مڈغاسکر میں جلد انتخابات کے انعقاد کا مطالبہ کیا ہے۔

متعلقہ پوسٹ