کرم سیکٹر میں پاک فوج کی بھرپور جوابی کارروائیاں — افغان طالبان اور فتنہ الخوارج کو بھاری نقصان، اہم کمانڈر ہلاک

FB IMG 1760517994293



پاراچنار  — کرم سیکٹر میں افغان طالبان اور فتنہ الخوارج کی جانب سے بلا اشتعال فائرنگ کے بعد پاک فوج نے بھرپور اور مؤثر جوابی کارروائی کرتے ہوئے دشمن کے متعدد ٹھکانے، پوسٹیں اور ٹینک پوزیشنیں تباہ کر دیں۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق کارروائی میں دہشت گردوں کو بھاری جانی و مالی نقصان پہنچا ہے اور ایک اہم افغان کمانڈر کی ہلاکت کی بھی اطلاع موصول ہوئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ شب افغان طالبان اور فتنہ الخوارج کے مسلح عناصر نے سرحد پار سے پاک فوج کی چوکیوں پر فائرنگ کا سلسلہ شروع کیا، جس پر پاک فوج نے فوری جوابی ردِعمل دیتے ہوئے دشمن کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔
پاک فوج کی مؤثر اور درست نشانے بازی سے افغان طالبان کی متعدد چوکیوں پر آگ بھڑک اٹھی، کئی مورچے تباہ ہو گئے جبکہ ایک ٹینک کو براہِ راست حملے میں مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا۔ کارروائی کے دوران طالبان اور فتنہ الخوارج کے جنگجو اپنی لاشیں چھوڑ کر پوسٹوں سے فرار ہو گئے۔
ذرائع کے مطابق پاک فوج نے دشمن کی ایک اہم ٹینک پوزیشن "شمشاد پوسٹ” کو بھی مکمل طور پر تباہ کر دیا۔ کارروائی کے بعد دہشت گرد گروہوں کے اندر شدید خوف و ہراس پھیل گیا اور متعدد جنگجو علاقے سے فرار ہو گئے۔
سیکیورٹی ذرائع نے بتایا ہے کہ کارروائی کے دوران فتنہ الخوارج کے ایک اہم کمانڈر کی ہلاکت کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، تاہم اس کی شناخت کی تصدیق کے لیے مزید تفصیلات جمع کی جا رہی ہیں۔

متعلقہ پوسٹ