اسلام آباد: ملک کے بالائی علاقوں میں شدید برفباری اور میدانی علاقوں میں بارش کے باعث سردی کی شدت میں غیرمعمولی اضافہ ہو گیا ہے جبکہ متعدد رابطہ سڑکیں بند ہونے سے نظامِ زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق حالیہ مغربی سسٹم کے زیرِ اثر میدانی علاقوں میں بارش جبکہ پہاڑی اور بالائی علاقوں میں مسلسل برفباری جاری ہے۔ شدید برفباری کے باعث گلگت بلتستان، بالائی خیبر پختونخوا، مری، ناران، کاغان اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں سڑکیں بند ہو گئی ہیں، جس سے مقامی افراد اور سیاحوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
پشاور شہر اور گردونواح میں کل شام سے شروع ہونے والی بارش آج صبح عارضی طور پر رک گئی تھی تاہم وقفے کے بعد دوبارہ بارش شروع ہو گئی، جس کے باعث سردی کی شدت میں مزید اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ خیبر پختونخوا کے میدانی علاقوں میں بھی رات بھر وقفے وقفے سے بارش ہوتی رہی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بالائی علاقوں میں موسمِ سرما کی برفباری کا تیسرا اسپیل جاری ہے جبکہ آئندہ چند روز کے دوران مزید بارش اور برفباری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ حکام نے سیاحوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور محتاط رہنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے ٹریول ایڈوائزری بھی جاری کر دی ہے۔
دوسری جانب ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو ادارے برفباری سے متاثرہ علاقوں میں سڑکوں کی بحالی اور شہریوں کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے متحرک ہیں۔

