بدھ کی علی الصبح پاک فوج نے بلوچستان کے سرحدی علاقے اسپن بولدک میں افغان طالبان کے بزدلانہ حملے کو مؤثر انداز میں ناکام بنا دیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائی میں 15 سے 20 افغان طالبان ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق حملہ چار مختلف مقامات پر کیا گیا، تاہم پاک فوج کے جوانوں نے جرات و بہادری کے ساتھ دشمن کے عزائم کو ناکام بنایا۔ ترجمان کے مطابق علاقے میں صورتحال تاحال کشیدہ ہے اور اطلاعات کے مطابق فتنہ الخوارج اور افغان طالبان کے مزید جنگجو سرحد پار جمع ہو رہے ہیں۔
آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا کہ حملہ تقسیم شدہ سرحدی دیہات سے کیا گیا، جس میں شہری آبادی کی حفاظت کا کوئی خیال نہیں رکھا گیا۔ افغان طالبان نے اپنی جانب سے پاک افغان فرینڈشپ گیٹ کو بھی تباہ کر دیا، جو ان کے اس رویے کو ظاہر کرتا ہے کہ وہ دو طرفہ تجارت اور قبائل کے آمد و رفت کے حقوق کے بارے میں کیا سوچ رکھتے ہیں۔
ترجمان کے مطابق اسپن بولدک پر حملہ کوئی الگ واقعہ نہیں تھا۔ 14 اور 15 اکتوبر کی درمیانی شب افغان طالبان اور فتنہ الخوارج نے کرم سیکٹر (خیبر پختونخوا) میں بھی پاکستانی بارڈر پوسٹوں پر حملے کی کوشش کی، جسے پاک فوج نے بھرپور اور مؤثر جوابی کارروائی سے پسپا کر دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جوابی کارروائی میں افغان سرحدی پوسٹوں کو بھاری نقصان پہنچا، آٹھ پوسٹیں اور چھ ٹینک تباہ ہوئے جبکہ 25 سے 30 افغان طالبان اور فتنہ الخوارج کے جنگجو ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ پاک فوج ملکی سرحدوں کے تحفظ اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہے، اور ایسے حملے پاکستانی فورسز کے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔