پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف نے امریکا کا سرکاری دورہ کیا، جہاں انہوں نے امریکی بحری اور سول قیادت سے اہم ملاقاتیں کیں۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق نیول چیف نے دورے کے دوران امریکی بحریہ کے اعلیٰ حکام سے باہمی دلچسپی کے امور، بحری سلامتی، خطے میں استحکام، اور دفاعی تعاون کے فروغ پر تبادلۂ خیال کیا۔ ملاقاتوں میں دونوں ممالک کے درمیان بحری اشتراک بڑھانے اور مشترکہ آپریشنز کی استعداد میں اضافے پر بھی بات چیت ہوئی۔
ایڈمرل نوید اشرف نے امریکی دفاعی حکام کو بحرِ ہند اور بحیرۂ عرب میں پاک بحریہ کے کردار، خصوصاً سمندری امن و سلامتی کے لیے جاری اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔
امریکی حکام نے خطے میں پاک بحریہ کے تعمیری کردار اور عالمی سمندری سلامتی میں پاکستان کے تعاون کو سراہا۔
ترجمان کے مطابق یہ دورہ پاکستان اور امریکا کے درمیان عسکری و بحری تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں سنگِ میل ثابت ہوگا

