غزہ میں جاری کشیدگی اور جنگ بندی معاہدے کو درپیش خطرات کے پیش نظر امریکی نائب صدر، سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے داماد اور خصوصی ایلچی برائے مشرقِ وسطیٰ اسٹیو وٹکوف ہنگامی دورے پر اسرائیل روانہ ہو گئے۔
روانگی سے قبل امریکی نائب صدر نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ غزہ امن معاہدے کی ناکامی کے ہم متحمل نہیں ہوسکتے، خطے میں امن و استحکام کا دار و مدار اسی معاہدے پر ہے۔
ذرائع کے مطابق امریکی وفد اسرائیلی وزیراعظم اور اعلیٰ عسکری حکام سے ملاقات کرے گا، جہاں جنگ بندی برقرار رکھنے، قیدیوں کے تبادلے اور انسانی امداد کی فراہمی پر تفصیلی بات چیت کی جائے گی۔
سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ واشنگٹن میں غزہ کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر گہری تشویش پائی جاتی ہے، جبکہ امریکی قیادت اس دورے کو امن معاہدہ بچانے کی آخری سفارتی کوشش قرار دے رہی ہے۔
واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں اسرائیلی فضائی حملوں اور حماس کی جوابی کارروائیوں کے باعث جنگ بندی معاہدہ شدید دباؤ کا شکار ہے، جس سے خطے میں ایک بار پھر کشیدگی میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔

