ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ استنبول مذاکرات میں کوئی ڈیڈ لاک نہیں ہوا، بات چیت مثبت انداز میں آگے بڑھ رہی ہے اور مذاکرات کی کامیابی سے مثبت امیدیں وابستہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کا بنیادی مطالبہ ہے کہ افغانستان کی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہ ہو۔ ترجمان نے واضح کیا کہ گزشتہ عرصے میں افغانستان کی سرزمین مسلسل پاکستان مخالف سرگرمیوں کے لیے استعمال کی جا رہی ہے، جو تشویش کا باعث ہے۔
طاہر اندرابی نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کا خواہاں ہے اور تمام مسائل کے حل کے لیے بات چیت اور سفارتی ذرائع پر یقین رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان افغانستان کے ساتھ دوستانہ تعلقات چاہتا ہے، تاہم سلامتی کے معاملات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔

